کیا ن لیگ نے پنجاب دوبارہ حاصل کرلیا؟

بدھ 26 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پنجاب پر اپنا غلبہ دوبارہ قائم کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کے مقابلے میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے کتنے زائد ووٹ حاصل کیے؟

قومی اسمبلی کی تمام 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں جیت کر ن لیگ نے کلین سویپ کیا جسے سیاسی حلقوں میں ‘پنجاب واپس لینے’ کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق، یہ ضمنی انتخابات 13 حلقوں میں ہوئے جن میں ن لیگ کے امیدواروں نے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کےحمایت یافتہ آزاد امیدوار ایک بھی نشست نہ جیت سکے۔ صرف ایک صوبائی نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی۔

ہاری ہوئی نشتیں دوبارہ جیت لیں، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی قیادت کے موجود ہونے کے باوجود ن لیگ ضمنی انتخابات جیت جاتی، رانا ثنااللہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ ن نے سنہ 2024 کے الیکشن میں ہاری ہوئی اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں اور ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی۔ اس جیت کو ‘عوام کا اعتماد’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن بیانیے سے نہیں، کام اور خدمت سے جیتیں جاتے ہیں۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں میں ن لیگ کی کل نشتیں

قومی اسمبلی میں ن لیگ کی نشتوں کی تعداد میں اضافہ ہو کر اب 132 ہو گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں اس کے 229 سے بڑھ کر 235 اراکین ہوچکے ہیں۔

اس طرح ن لیگ کی صوبائی حکومت مزید مستحکم ہو گئی ہے اور اتحادیوں کی حمایت سے آزادانہ قانون سازی کی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔

پی ٹی آئی بائیکاٹ اور پیپلز پارٹی امیدواروں کی عدم موجودگی معاون ثابت

تحریک انصاف کے بائیکاٹ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار کھڑا نہ کرنے کے باعث تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے میدان لگ بھگ خالی تھا لہٰذا حکمراں جماعت کی جیت یقینی تھی۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے ن لیگی امیدواروں کو نواز شریف کی مبارکباد

رواں ماہ نومبر ہی میں وزیرِ آباد کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 66 سے ن لیگ کے امیدوار بلال فاروق تارڑ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

بائیکاٹ کا فیصلہ عمران خان کا تھا، عالیہ حمزہ

‏پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ کے مطابق ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا فیصلہ عمران خان کا تھا۔

عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے لوگوں کی سیٹس تھیں جنہیں 9 مئی میں سزا دے کر انہیں نا اہل کروایا گیا تھا لہٰذا اس فسطائیت کو دیکھتے ہوئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا گیا۔

’پنجاب صرف عمران خان کا ہے‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب صرف عمران خان کا ہے، ن لیگ خالی میدان میں بھی بھاگے تو آخری نمبر پر آئے گی تاہم اس مرتبہ ٹرن آؤٹ کم رہا عوام نے بائیکاٹ کیا اگر صاف شفاف الیکشن ہوں تو ن لیگ کہیں نظر نہ آئے۔

یہ بھی پڑھیے: ضمنی انتخابات میں کامیابی، کیا ن لیگ اب پیپلز پارٹی کی محتاج نہیں رہی؟

دوسری جانب ن لیگ کے ورکرز و رہنما ضمنی الیکشن کی جیت کو پارٹی کی بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق ن لیگ نے پنجاب واپس لے لیا ہے۔

شیر کا نشان جیت کا پیغام، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری یہ کہہ چکی ہیں کہ پنجاب پہلے بھی ن لیگ کا گڑھ تھا اور اب بھی ہے اور شیر کا نشان جیت کی علامت بن چکا ہے۔

سینیئر تجزیہ کار سلمان غنی  کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان اور میانوالی کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کافی مارجن سے جیتی ہے اور بلاشبہ پنجاب حکومت کی کارکردگی بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے لیکن اصل وجہ پی ٹی آئی کی حکمت عملی ہے۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی پالیسی کے باعث آج دفاعی محاذ پر کھڑی ہے اور اس نے از خود میدان چھوڑ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیکاٹ سیاسی جماعتوں کو بہت پیچھے لے جاتے ہیں۔

سلمان غنی نے کہا کہ لاہور میں جہاں بائیکاٹ نہیں کیا وہاں ان کی لیڈرشپ ہی میدان میں نہیں نکلی اور نہ ہی ووٹرز کو نکال پائی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے امیداوار کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا اور ویسے بھی لاہور کامعرکہ ن لیگ اور پنجاب حکومت کا ٹیسٹ کیس تھا اور انہوں نے یہ معرکہ اس لیے سر کر لیا کہ ایک طرف مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی تھی تو دوسری طرف ان کا کارکن متحرک نظر آیا۔

مزید پڑھیے: پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں کس کس کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا؟

سلمان غنی نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخاب کی جیت کا حکومت کو تو شاید اتنا فائدہ نہ ہو لیکن لگتا ہے کہ پنجاب ن لیگ نے واپس لے لیا ہے اور پی ٹی آئی کو خود کو دوبارہ کھڑا کرنے میں دیر لگے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

جامعہ بلوچستان کے طلبہ کی آرٹ ایگزیبیشن، رنگوں، مجسموں اور خیالات سے سماجی و ماحولیاتی زخم بے نقاب

ساؤتھ پنجاب کی ایئرلائن پہلی اڑان کب بھرے گی؟

چولستان کے اونٹ کیوں مر رہے ہیں؟

گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت کون سی جماعت بنائے گی؟

وی ایکسکلوسیو: نظام کی بقا کے لیے خود کو مائنس کیا ورنہ اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

ویڈیو

جامعہ بلوچستان کے طلبہ کی آرٹ ایگزیبیشن، رنگوں، مجسموں اور خیالات سے سماجی و ماحولیاتی زخم بے نقاب

چولستان کے اونٹ کیوں مر رہے ہیں؟

وی ایکسکلوسیو: نظام کی بقا کے لیے خود کو مائنس کیا ورنہ اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

کالم / تجزیہ

این اے 18 ہری پور سے ہار پی ٹی آئی کو لے کر بیٹھ سکتی ہے

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا