اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کے ایک مسافر طیارے کو اس وقت خوفناک حادثے سے بچا لیا گیا جب لینڈنگ کے دوران جہاز غلط اور بند رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پرواز کے لیے تیار جہاز سے گاڑی ٹکرا گئی، طیارے کو جزوی نقصان
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت مداخلت نے ایک بڑے سانحے کا راستہ روک دیا۔
غلط رن وے پر اپروچ
مذکورہ ایئرلائن کی پرواز نے لینڈنگ کے لیے رن وے 28 رائٹ کی بجائے غلطی سے 28 لیفٹ کی اپروچ بنائی جو کہ مرمت کے لیے مکمل طور پر بند تھا۔
کنٹرول ٹاور پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوراً پائلٹ کو غلط سمت کی نشاندہی کی۔
پائلٹ کا اصرار اور آخری لمحے کی کارروائی
ذرائع کے مطابق پائلٹ مسلسل یہ دعویٰ کرتا رہا کہ وہ درست رن وے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
مزید پڑھیے:ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ وطن واپس روانہ
تاہم ایئر ٹریفک کنٹرولر نے عین وقت پر پائلٹ کو لینڈنگ روک کر گو اراؤنڈ (دوبارہ چکر لگانا) کرنے کی ہدایت دی جس کے باعث طیارہ لینڈنگ روک کر دوبارہ فضا میں اٹھ گیا۔
رن وے پر گاڑیوں اور عملے کی موجودگی
اس وقت رن وے 28 لیفٹ پر مرمتی کام جاری تھا اور وہاں متعدد گاڑیاں اور عملہ موجود تھا۔
اگر بوئنگ 777 طیارہ اس بند رن وے پر اتر جاتا تو شدید نوعیت کا حادثہ پیش آ سکتا تھا جس میں زمینی عملہ اور طیارے کے سیکڑوں مسافر خطرے میں پڑ جاتے
دوسری کوشش میں محفوظ لینڈنگ
ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے طیارے نے فضا میں چکر لگایا اور دوسری کوشش میں رن وے 28 رائٹ پر کامیابی سے اور محفوظ انداز میں لینڈ کر لیا۔
نوٹم جاری تھا، رن وے بند ہونے سے پائلٹ کو آگاہی موجود
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ رن وے 28 لیفٹ کی بندش کے حوالے سے نوٹم پہلے ہی جاری کیا جا چکا تھا اور پائلٹ کو اس کی معلومات موجود ہونا لازمی تھیں اس لیے معاملے کی مزید انکوائری کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: سیٹ 1C زندگی اور موت کے درمیانی لمحے کی علامت ہے، طیارہ حادثے میں بچ جانے والے ظفر مسعود کی کہانی
ائیرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لے لیا
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق واقعے کا باقاعدہ نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داری طے کرنے کے لیے تحقیقاتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔














