اٹلی میں ایک شخص اپنی مردہ ماں کا حلیہ اپنا کر اس کی پنشن وصول کرنے کے الزام میں تفتیش کے دائرے میں آ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی نوسر باز نے دنیا کی معروف کمپنی کو اربوں کا چونا لگا دیا
گارجین کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس شخص نے نہ صرف وِگ، میک اَپ اور زیورات پہن کر اپنی ماں جیسی شکل بنائی بلکہ اس کی سنہ 2022 میں ہونے والی موت بھی پوشیدہ رکھی۔
یہ واقعہ شمالی اٹلی کے شہر مانٹوا کے قریب علاقے بورگو ورجیلیو میں سامنے آیا جہاں مذکورہ شخص نے اپنی ماں کی موت کی اطلاع دینے کے بجائے مبینہ طور پر اس کی لاش گھر میں چھپا رکھی تھی اور 2 سال تک ہزاروں یورو کی پنشن وصول کرتا رہا۔
شک کے دائرے میں کیسے آیا؟
معاملہ اس وقت مشکوک ہوا جب رواں ماہ 56 سالہ شخص اپنی ماں کا روپ دھار کر اس کے شناختی کارڈ کی تجدید کرانے مقامی میونسپل دفتر پہنچا۔ دفتر کے ایک ملازم کو اس کی حرکات و شکل و صورت پر شبہ ہوا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
حکام نے مرنے والی خاتون کی سرکاری تصویر کا موازنہ اس شخص سے کیا اور پھر اس کے گھر کی تلاشی پر لاش لانڈری روم سے برآمد ہوئی۔
مزید پڑھیے: واٹس ایپ صارفین کو نوسربازوں سے بچانے کے لیے میٹا کی منصوبہ بندی
بورگو ورجیلیو کے میئر فرانچیسکو اپورتی کے مطابق وہ شخص میونسپل دفتر میں ایک بوڑھی عورت بن کر داخل ہوا۔ اس نے لپ اسٹک، نیل پالش لگانے کے علاوہ زیورات اور پرانے فیشن کی بالیاں پہنی ہوئی تھیں جبکہ سر پر گہرے بھورے رنگ کی وگ بھی تھی۔
میئر کے مطابق گفتگو کے دوران اس کی مردانہ آواز کے ہلکے ہلکے آثار بھی ظاہر ہو رہے تھے۔
مزید پڑھیں: لاہور میں نوسرباز دَم کرنے کے بہانے بھاری مالیت کا سونا اور نقدی لے اُڑا
ملازم نے باریک بینی سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ اس کے ہاتھوں کی جلد 85 سالہ عورت جیسی نہیں تھی اور گردن بھی غیر معمولی طور پر موٹی تھی۔
اطالوی اخبار کوریئری ڈیلا سیرا کے مطابق گرفتار شخص ایک بے روزگار نرس تھا جو اپنی ماں کی پنشن اور 3 جائیدادوں کی بدولت سالانہ تقریباً 53 ہزار یورو کماتا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: اے ایس پی کے یونیفارم میں پولیس دفتر میں گھسنے والی نوسرباز خاتون گرفتار
یہ پہلا واقعہ نہیں۔ سنہ 2023 میں بھی اٹلی کے شہر ویروونا میں ایک شخص اپنی ماں کی لاش 5 سال تک گھر میں چھپا کر اس کی پنشن وصول کرتا رہا تھا۔














