خادمِ حرمین شریفین امدادی مرکز نے گزشتہ دنوں اپنی انسانیت دوست سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خوراک، صحت، رہائش اور طبی بحالی کے شعبوں میں متعدد ممالک میں ضرورت مندوں تک امداد پہنچائی، جس سے ہزاروں افراد نے فائدہ اٹھایا۔
افغانستان میں مرکز نے صوبہ کنڑ کے علاقے سوکی میں 3 سو خاندانوں میں رہائشی سامان کی 3 سو کٹس تقسیم کیں، جن سے قریباً ایک ہزار 8 سو افراد مستفید ہوئے۔ یہ امداد علاقے میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے فراہم کی گئی۔
مزید پڑھیں: شاہ سلمان مرکز کی لیبیا کے لیے امدادی سامان کی فراہمی 2 ماہ جاری رہے گی، سعودی عرب
یمن میں ضرورت مند افراد کے لیے وادی اور مارب کے علاقوں میں کھجور کے ایک ہزار ڈبے تقسیم کیے گئے، جن سے 6 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ یمن میں ہیضے کی روک تھام کے ہنگامی منصوبے کے تحت ایک ہفتے میں ایک ہزار 7 سو تراسی افراد کی اسکریننگ کی گئی، جبکہ 2 سو بانوے آگاہی نشستیں منعقد کی گئیں جن سے 6 ہزار 2 سو 23 افراد نے استفادہ کیا۔ اس دوران طبی مراکز کو بھی حفاظتی سامان فراہم کیا گیا۔
سوڈان کے ساحلی علاقے پورٹ سوڈان میں 4 سو 70 خاندانوں میں خوراک کی 4 سو ستر ٹوکریاں تقسیم کی گئیں، جو 2 ہزار 25 کے غذائی تحفظ پروگرام کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہیں۔
طبی بحالی کے شعبے میں یمن کے ضلع تعز میں قائم مصنوعی اعضا مرکز نے گزشتہ ماہ 5 سو 64 افراد کو خدمات فراہم کیں، جن میں مصنوعی اعضا کی تیاری و تنصیب، فزیو تھراپی اور خصوصی طبی رہنمائی شامل تھی۔ مجموعی طور پر 2 ہزار ایک سو 13 خدمات فراہم کی گئیں۔
مزید پڑھیں: سعودی امدادی قافلہ غزہ پہنچ گیا، سامان میں خوراک اور بچوں کا دودھ شامل
یہ تمام سرگرمیاں سعودی عرب کے عالمی انسانیت دوست کردار کا تسلسل ہیں، جو متاثرہ اقوام کی فوری امداد اور بنیادی ضرورتوں کی فراہمی میں موثر کردار ادا کرتا رہا ہے۔














