نمل یونیورسٹی میں گیس لیکیج سے دھماکا، زخمی نائب قاصد انتقال کرگیا

جمعرات 4 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص جاں بحق ہوگیا ہے، جبکہ ایک اور واقعے میں ماں اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت ثنااللہ کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی میں نائب قاصد تھا۔ گزشتہ روز ہونے والے واقعے میں 5 طلبہ اور ایک کلرک سمیت 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پشین کے نجی اسپتال میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، 7 افراد زخمی

یونیورسٹی کے کلرک شیر زادہ کی حالت بھی تشویشناک ہے جن کا 60 سے 65 فیصد جسم جھلس چکا ہے، یونیورسٹی میں گیس لیکیج اور کمرے کے اندر شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکہ ہوا جس سے ساتھ والا کمرا بھی متاثر ہوا۔

نصیر آباد میں گیس لیکیج سے دھماکا

ادھر نصیرآباد پولیس کی حدود میں حمزہ کالونی کے ایک گھر میں بدھ کی صبح گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے ایک خاتون اور ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی زخمی ہو گئیں، دھماکے کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ گیس لیکج دھماکے میں زخمی نوجوان دم توڑ گیا

پولیس کے مطابق دھماکہ صبح 9 بجے اس وقت ہوا جب خاتون نے چولہا جلانے کے لیے ماچس جلائی۔ دھماکے کے نتیجے میں خاتون اور ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی آگ کی لپیٹ میں آ کر زخمی ہوئیں۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 نے دونوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کی عمر 37 سال ہے، خاتون کا جسم 60 فیصد جھلس گیا ہے، جبکہ بچی 25فیصد جھلس گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp