وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد آئےگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کوئی بڑی خبر نہیں صرف معمول کی چیزیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چائے کی پیالی میں طوفان نہ برپا کیا جائے، چیزیں پراسس میں ہیں، قانون میں واضح ہے کہ وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت دستخط کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 245 میں ترمیم کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ تخلیق کیا ہے۔
اس ترمیم کے بعد چیئرمین چوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہوگیا ہے، اور جنرل ساحر شمشاد مرزا آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تھے جو 27 نومبر کو ریٹائر ہوگئے ہیں۔
حکومت نے موجودہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہی چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ابھی تک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ہو سکتا ہے فیلڈ مارشل کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، حنیف عباسی
حکومتی حلقوں کے مطابق نوٹیفکیشن کے لیے پراسس جاری ہے، چونکہ ایک نیا ادارہ بننے جا رہا ہے، اس لیے تمام امور مکمل ہونے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائےگا۔












