پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، ایک شخص اپنی ذات کا قیدی، اس کی شعبدہ بازی اور سیاست ختم ہوگئی، ڈی جی آئی ایس پی آر

جمعہ 5 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک شخص اپنی ذات کا قیدی ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ میں نہیں تو کچھ نہیں، اسکی سیاست ختم ہوچکی اب اس کا بیانیہ پاکستان کی قومی سلامتی کیلیے خطرہ ہے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کی بہت عرصے سے ضرورت تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بیشتر خطرات کا محور ایک ایسا شخص ہے جو اپنی ذات کا قیدی بن چکا ہے۔ یہ فرد اپنی خواہشات اور مفادات کو ریاستِ پاکستان سے بالاتر سمجھتا ہے، اور اس کا یہ طرزِ فکر ملک کی قومی سلامتی کے لیے واضح خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: فیض حمید کورٹ مارشل: ڈی جی آئی ایس پی آر کا عوام کو مشورہ

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر رنگ، نسل، مذہب، مسلک اور سیاسی فکر کے افراد پر مشتمل ہیں، مگر یونیفارم پہن کر وہ سب اختلافات پیچھے چھوڑ کر صرف پاکستان کے سپاہی ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال اٹھایا کہ جو اپنی ہی فوج پر حملہ کرے، کیا وہ کسی اور فوج کے لیے جگہ بنانا چاہتا ہے؟۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر کوئی پاکستان کی فوج کے خلاف کھڑا ہوگا تو اس کا مقابلہ ننگے ہاتھوں سے بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض افراد آئین، قانون اور قواعد کو بالائے طاق رکھ کر جیل ملاقاتوں کو ریاستِ پاکستان کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ آئین کی کون سی شق ایسی سرگرمیوں کی اجازت دیتی ہے؟

مزید پڑھیں: بہت ہوگیا، اب افغان طالبان کی تجاویز نہیں حل چاہیے، اور حل ہم نکالیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کا یکساں احترام کرتی ہے۔ افواجِ پاکستان کو ہمیشہ سیاست سے دور رکھا گیا ہے اور آئندہ بھی رکھا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیا ہیڈکوارٹر جنگی معاملات اور وارفیئر کی بدلتی نوعیت میں مکمل آگاہی فراہم کرے گا۔ جنرل چوہدری نے واضح کیا کہ ایک مخصوص شخص کا بیانیہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے اور اس شخص کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ کر ہیں، جس کی مایوسی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ وہ سمجھتا ہے کہ ’میں نہیں تو کچھ نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اس شخص سے جب کوئی ملتا ہے تو آئین، قانون اور رولز کو بالاتر رکھ کر ملک کے خلاف بیانیہ بناتا ہے، جو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ افواج پاکستان کسی سیاسی جماعت، مکتب فکر، طبقے یا ذاتی ایجنڈے کی نمائندگی نہیں کرتی، بلکہ فوج میں ہر علاقے، نسل، مذہب، مسلک اور سیاسی سوچ کے لوگ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر تہنیتی قرارداد جمع

انہوں نے کہا کہ افواج اور عوام کے درمیان کسی کو دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی سیاسی یا ذاتی بیانیے سے عوام کو فوج کے خلاف بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جنرل چوہدری نے مزید کہا کہ ہر ملک میں فوج ہوتی ہے، مگر پاکستان کی فوج بھارت کے ہندوتوا اور پاکستان کے درمیان رکاوٹ ہے، اور یہ فوج فتنہ الخوارج، فتنہ ہندوستان اور پاکستانی عوام کے درمیان کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی اپنی فوج یا اس کی قیادت پر حملہ کرے گا، وہ دراصل کسی اور فوج کے لیے راستہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور یہ کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ اب ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے اور کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے اور آئین، قانون یا سیاست کسی کو اجازت نہیں دیتے کہ وہ فوج یا قومی سلامتی کے خلاف بیانیہ تیار کرے۔

مزید پڑھیں:وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

انہوں نے کہا کہ اب کوئی ایسا بیانیہ قبول نہیں کیا جائے گا جو فوج یا دفاعی اداروں کے خلاف ہو اور یہ بیانیہ نہ صرف داخلی بلکہ بیرونی خطرات کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔

جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ اس بیانیے کو چلانے والے عناصر نے پہلی کوشش میں پاکستان کی ترسیلات زر کو بند کرنے، پھر سول نافرمانی اور بل ادا نہ کرنے جیسے اقدامات کا بیانیہ تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی قیادت کو نشانہ بنانا اور ملکی سلامتی میں خلل ڈالنا قابل قبول نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پاک فوج کسی خاص علاقے، سیاسی جماعت یا نسل کی نمائندگی نہیں کرتی

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کسی خاص علاقے، سیاسی جماعت یا نسل کی نمائندگی نہیں کرتی، ہم روزانہ پاکستان کی سالمیت کے لیے جانیں دیتے ہیں، کسی کا ایجنڈا لیکر نہیں چلیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور شخصیات کا احترام کرتے ہیں، اس لیے ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوج ڈھال بن کر کھڑی ہے اور فتنہ الخوارج کے خلاف بھی یہی فوج دفاع کی آخری دیوار ہے۔

مزید پڑھیں:بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خارجی دہشتگرد ہلاک

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ لوگ کسی اور فوج کے لیے جگہ بنانا چاہتے ہیں اور کیا سوچ کے تحت ریاست مخالف بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔ کونسا قانون اجازت دیتا ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص سے ملاقاتیں کر کے پاکستان کے خلاف بیانیہ تشکیل دے۔ یہ شخص کہتا ہے کہ پاکستانی ترسیلات زر بند کر دی جائیں تاکہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، جبکہ ایسا ایجنڈا صرف دہلی سے آ سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب ان کی پارٹی سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ پتا نہیں اکاؤنٹ کون چلاتا ہے، جبکہ وہی بیانیہ بھارت کا سوشل میڈیا آگے پھیلاتا ہے۔ ایک ذہنی مریض بیانیہ تخلیق کرتا ہے اور بھارت اس کا سب سے بڑا سہولتکار ہے جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل اس کا بیانیہ کیوں چلا رہا ہے؟ یہ شخص فوج کے خلاف بول رہا ہے اور فوج و عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔

افغان میڈیا کے ذریعے بھی یہی بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کیا بھارتی اور افغان میڈیا یہ سب مفت میں کر رہے ہیں؟ ان کا ان ممالک کے ساتھ گٹھ جوڑ ظاہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سے ملنے والوں کو غدار قرار دینا، یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ تم ہو کون، تم اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہو؟

مزید پڑھیں: بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر خارجیوں کا حملہ، 7 افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی فوج پر حملے کراتے ہیں، جی ایچ کیو پر حملہ بھی اسی شخص نے کرایا تھا۔ ان کے ٹویٹس دیکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے غدار شیخ مجیب الرحمن سے متاثر ہے۔ ان کی شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا ہے، ان کے پاس صوبے کی حکومت ہے لیکن یہ پاکستان کے مسائل پر بات ہی نہیں کرتے۔ ان کی سوئی صرف فوج پر اٹکی ہوئی ہے اور دہشتگردی پر لب کشائی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی ایف کے معاملے پر بھی انہوں نے پروپیگنڈہ کا بازار گرم کیا، پتا نہیں ان کے ذہن میں یہ باتیں کہاں سے آتی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے یہاں تک خبر چلائی کہ بانی پی ٹی آئی مرچکے ہیں۔ 9 اور 10 مئی کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے آج بھی انہی کا بیانیہ آگے بڑھا رہے ہیں، دشمن یہ بیانیہ اس لیے چلاتا ہے کہ اسے فائدہ ہوتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان کا ایک اور بیانیہ یہ ہے کہ خوارج کو نہ ماریں ان سے بات کریں، تو کیا پاکستان کی سیکیورٹی کی ضمانت کابل اور دہلی دیں گے؟ بھارت نے جب پاکستان پر حملہ کیا تو یہ ذہنی مریض ہوتا تو کشکول لے کر بھیک مانگنے نکل جاتا۔ یہ ذہنی مریض لوگوں کو خوارج کے خلاف آپریشن پر بھڑکاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سیکیورٹی بھیک مانگنے سے نہیں ملتی۔ ہمارے جوان روز ملک کی خاطر جانیں قربان کر رہے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ ریاست نہیں ہوگی تو ہماری بھی کوئی حیثیت نہیں۔

پاکستان میں جھوٹ اور فریب کا کاروبار مزید نہیں چلے گا

انہوں نے کہا کہ یہ شخص بیانیہ بنانے کا ماہر ہے، دہشتگردی پر بھی ایسا بیانیہ تخلیق کرتا ہے کہ کوئی ان کی حکومت کی کارکردگی پر بات نہ کرے۔ پاکستان میں جھوٹ اور فریب کا کاروبار مزید نہیں چلے گا، اس بیانیے کو پھیلانے اور سہولتکاری کی اجازت نہیں دیں گے۔ فوج کہیں نہیں جا رہی، ہم نے ریاست کے تحفظ کی قسم کھائی ہے، ہم حق پر ہیں اور حق پر ہی رہیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان کی پوری سیاست فوج کے خلاف الزامات پر گھومتی ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کی عوام کو بے وقوف بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ فوج لڑ نہیں سکتی، صرف سیاست کرتی ہے، مگر فوج نے لڑ کر دکھایا اور اس کی گونج پوری دنیا میں گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے پاک فوج پر الزام سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو کتا بھونک رہا ہوتا ہے، اس بارے میں زیادہ پریشان نہیں ہوتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ عوام کے سامنے بات اس لیے رکھنی پڑی کیونکہ یہ لوگ ہر پلیٹ فارم پر فوج کے خلاف بیانیہ بناتے ہیں۔ فوج ریاست کا ادارہ ہے اور ریاست اس سے بالاتر ہوتی ہے۔ ریاست جو فیصلہ کرتی ہے، اس کے ادارے اسی کے مطابق چلتے ہیں۔

فوجی ترجمان نے کہاکہ فوج وہی کرتی ہے جو ریاست اور حکومت اسے حکم دیتی ہے کیونکہ حکومت، ریاست اور ادارے ہی ریاست کا ڈھانچہ تشکیل دیتے ہیں اور فوج اس کا حصہ ہے۔

سب جانتے ہیں کہ ان کا بیانیہ کون چلا رہا ہے

انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے اصل مسائل پر بات نہیں کرنی، بلکہ پروپیگنڈے پر سیاست کرنی ہے، جب کہ ان کا پورا بیانیہ ریاست کے خلاف کھڑا ہے، اور سب جانتے ہیں کہ ان کا بیانیہ کون چلا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملاقاتوں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی کا فیصلہ فوج نے نہیں کرنا، یہ حکومت کا اختیار ہے اور اسی نے ایسے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔

’آرمی چیف اور کمانڈر کے کہنے پر افسر اور جوان اپنی جانیں قربان کرتے ہیں‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف اور کمانڈر کے کہنے پر افسر اور جوان اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، اور خوارج کے خلاف واضح بیانیہ بھی آرمی چیف نے ہی دیا ہے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی پکتیکا میں کارروائی، خارجی گل بہادر کے رشتہ دار سمیت 70 سے زیادہ دہشتگرد ہلاک

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ عوام اور فوج کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتے کیونکہ افسر اور جوان کا رشتہ بہت گہرا ہوتا ہے، جان دیتے بھی ہیں اور لیتے بھی ہیں۔

انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ اپنے بچوں کو باہر نہ رکھیں، انہیں فوج میں بھیجیں تاکہ وہ بھی خوارج کے خلاف لڑیں۔

’9 مئی کے کیسز سول عدالتوں کو منتقل ہو چکے ہیں‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فوج کے پاس اب 9 مئی کا کوئی کیس نہیں، تمام سول کورٹس کو مکمل ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ممکنہ گورنر راج سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس سے متعلق کوئی بھی فیصلہ حکومت کرےگی، فوج کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فیض حمید اب عمران خان کے خلاف گواہی دیں گے، فیصل واوڈا

پی ٹی آئی صوبے میں ایسے حالات پیدا کر رہی ہے جو گورنر راج کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، بلاول بھٹو

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

کورونا وبا: انسانیت بیچین تھی لیکن سمندری مخلوق نے سکھ کا سانس لیا

9 مئی فوج کے سینے میں زخم، فیض حمید کی سزا آنے والے فیصلوں کی ابتدا ہے، عمار مسعود

ویڈیو

کوئٹہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سفری سہولت کا آغاز، گرین بس منصوبے میں پنک بسوں کا اضافہ

فیض حمید کو سزا، اگلا کون؟ عمران خان سے متعلق بڑی پیشگوئی

خضدار کی سلمٰی جو مزدوری کی کمائی سے جھونپڑی اسکول چلا رہی ہیں

کالم / تجزیہ

ٹرمپ کی نیشنل سیکیورٹی اسٹریٹجی کا تاریخی تناظر

سیٹھ، سیاسی کارکن اور یوتھ کو ساتھ لیں اور میلہ لگائیں

تہذیبی کشمکش اور ہمارا لوکل لبرل