خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں گیس پلانٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 4 فرینٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکار اور 2سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔
ہنگو پولیس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ تھانہ ٹل کی حدود میں فجر سے پہلے پیش آیا۔ تحصیل ٹل کے علاقے منجی خیل میں مول کمپنی کے گیس پلانٹ پر نامعلوم دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں اور سیکیورٹی پر مامور ایف سی اور نجی کمپنی کے گارڈز کے درمیان کئی گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی مزید نفری پہنچ گئی جبکہ حملہ اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مزید پڑھیں
پولیس نے بتایا کہ حملے میں 6افراد جاں بحق ہو گئے جن میں 4فرنٹیئر کانسٹیبلری اہلکار جبکہ 2نجی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔ لاشوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔
ٹل پولیس کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ ابھی تک کسی دہشتگرد گروپ یا تنظیم نے حملے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی۔