سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال نومبر کے ماہ میں شہر کی فضا 42 فیصد بہتر رہی۔
ڈیٹا کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ نومبر 2025 کے 30 میں سے 23 دن ایسے تھے جن میں پچھلے سال کی نسبت ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں واضح بہتری دیکھی گئی۔ گزشتہ سال نومبر 2024 میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 تھا، جبکہ رواں سال نومبر 2025 میں یہ کم ہو کر 261 تک آگیا۔
یہ بھی پڑھیے: کیا گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال اسموگ کی شدت میں واقعی کمی ہوگئی؟
حکومتِ پنجاب کے مطابق مریم نواز شریف کی حکومت میں ماحولیاتی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے جن میں قانون سازی، قوانین پر مؤثر عمل درآمد، جدید مشینری کا استعمال اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحولیاتی نگرانی شامل ہے۔ اسی طرح جنگلات کے تحفظ اور شجر کاری میں اضافے نے بھی فضائی کیفیت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال نومبر میں فضائی بہتری ہماری مشترکہ محنت اور عوام کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے: ملک بھر میں موسم خشک، پنجاب کے کئی علاقے اسموگ کی لپیٹ میں رہنے کا امکان
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں جدید فورکاسٹنگ سسٹم فعال ہے جبکہ بھٹوں اور صنعتی یونٹس کی کیو آر کوڈڈ نگرانی بھی جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال 5 ہزار سپرسیڈرز فیلڈ میں موجود رہے جن کی وجہ سے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں ریکارڈ کمی آئی۔
مریم نواز شریف نے خبردار کیا کہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی کے باعث ہم ایک مشکل موسم میں داخل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی اور اسموگ کے تدارک کے لیے ابھی بہت کام باقی ہے اور عوام کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ فضائی معیار کی بہتری صرف ابتدا ہے، جبکہ ماحول دوست پنجاب ہمارا حتمی ہدف ہے۔














