پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک سانحے کی 11ویں برسی پر اپنے پیغام میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
جماعت کے مرکزی شعبہ اطلاعات نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سانحہ محض ایک دن یا واقعہ نہیں بلکہ پوری قوم کے ضمیر پر ایک دائمی زخم ہے، جس کی کسک آج بھی ہر پاکستانی محسوس کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: انقرہ: سانحہ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں تقریب، بچوں اور عملے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
پیغام میں بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف طاقت سے نہیں بلکہ واضح قومی بیانیے، قانون کی بالادستی، انصاف اور ریاستی ذمہ داری کے ذریعے ممکن ہے۔
پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کی زندگی بہت قیمتی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف نے عہد کیا کہ 16 دسمبر کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان معصوم شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور آرمی پبلک اسکول حملہ: جب 6 غیر ملکی دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا
پارٹی نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم، ملکی ادارے اور عوام سب ایک صفحے پر رہیں گے تاکہ آئندہ کوئی ماں اپنے بچے کو اسکول بھیجتے ہوئے خوف کا شکار نہ ہو اور پاکستان کا مستقبل محفوظ رہے۔














