پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ نے کامیابی کے ساتھ جنوبی قطب تک اسکینگ کی ہے اور ایسا کرنے والی وہ پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔
اس کامیابی کی اطلاع دیتے ہوئے سمینہ بیگ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تجربہ زندگی کا سب سے چیلنجنگ اور معنی خیز سفر رہا، اور الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچنے سے لے کر 7 براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں تک، کےٹو اور نانگا پربت کی چڑھائی، اور اب جنوبی قطب تک پہنچنا، یہ سفر مجھے زمین کی بلند ترین پہاڑیاں اور دور دراز مقامات دکھاتا رہا۔
یہ بھی پڑھیے: ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی کی سوشل میڈیا پر نانگا پربت جتنی دھوم
ہنزہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کوہ پیما نے کہا کہ یہ سفر کبھی آسان نہیں رہا۔ یہ خواب پر بھروسہ کرنے، غیر یقینی حالات میں عزم برقرار رکھنے، اور ناممکن لگنے والے راستے پر بھی آگے بڑھنے کے بارے میں تھا۔
ثمینہ نے خاص طور پر نوجوان خواتین کے لیے پیغام دیا کہ خواب پورے کرنے کے لیے کوشش کرنا کبھی ضائع نہیں جاتا۔
ثمینہ بیگ نے اپنے مالی اور جذباتی سپورٹ کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم کو پہاڑوں، براعظموں اور قطبی برف پر لے جانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔
یہ بھی پڑھیے: ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی سمیت 10 پاکستانیوں نے ’قاتل پہاڑ‘ سر کر لیا
انہوں نے کہا کہ وہ ہر موقع، ہر سبق اور ہر شخص کی مدد کے لیے شکر گزار ہیں جس نے اس سفر میں ان کے ساتھ قدم بڑھایا۔














