پاک فوج کے شہیدوں کے لواحقین نے یومِ تکریمِ شہداء کے حوالے سے پوری قوم کے نام اہم پیغام دیا ہے، لواحقین نے کہا کہ پاک فوج کے شہیدوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
کیپٹن عارف شہید کے بھائی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ناصر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتی، اُن کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں، اُن کو مثال بنا کے رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں آفیسر، سینکڑوں جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، کسی بھی غیر ملکی کارروائی یا ایسی سوچ کو پنپنے نہیں دیں گے جو ہماری افواج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کریں اور وطن کی جڑوں کو کمزور کرے۔
میجر راجہ ذیشان شہید کی اہلیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ بھی ہوا، ہم اُس کی مذمت کرتے ہیں۔ ان شہداء ہی سے یہ پاکستان ہے اور ہم بھی انہی سے ہی ہیں۔
کیپٹن آکاش کی والدہ نے قوم کے نام اپنے پیغام میں دکھ بھرے لہجے میں کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے، کیا اس لیے میرے بیٹے آکاش نے اور دیگر شہداء نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں۔
میجر عدیل شاہد شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ یومِ تکریمِ شہداء پاکستان کے حوالے سے میں قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تمام اسلامی ممالک میں ہماری پاکستانی افواج جو طاقتور ہیں، اپنی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہیں۔ یہ لازوال قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ شہیدوں نے دُشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا کہ دشمن ہمارے گھروں تک نہ پہنچے اور ہمارے گھروں کو نہ اجاڑے لیکن ان لوگوں نے اپنے ہی گھر اُجاڑ دیے۔ اس پاک وطن کی مٹی میں ان شہیدوں کا خون شامل ہے۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے۔
حوالدار محمد شہباز کی بیٹی کا کہنا تھا کہ میں 9 مئی کے واقع کی مذمت کرنا چاہتی ہوں اور جو فوج کی بے حرمتی اور یاد گارِ شہداء اور اُن کی یادگاروں کو جلایا گیا مجھے اس پر بے حد اور دلی افسوس ہے۔ جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں لازمی سزا دینی چاہیے۔