خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں دریائے سندھ پر قائم مقامی چیئرلفٹ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، حادثے میں قیمتی انسانی جان ضائع ہونے پر علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔
افسوسناک واقعہ ترازئی بندہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں 42 سالہ عبدالوکیل چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے بیٹے کو دریا پار کروا رہے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عبدالوکیل نے پہلے اپنے بیٹے کو بحفاظت چیئرلفٹ سے اتارا، تاہم اسی دوران لفٹ میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اپرکوہستان میں چیئرلفٹ حادثہ، دریائے سندھ میں گرنے والے 3 مسافر لاپتا
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرلفٹ اچانک الٹی سمت میں چل پڑی، جس کے باعث عبدالوکیل اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیکڑوں فٹ نیچے پتھریلے کنارے پر جا گرے، نتیجتاً موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار ملک شریف کے مطابق حادثہ چیئرلفٹ کے اچانک ریورس ہونے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیم نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور دشوار گزار پہاڑی راستوں سے ہوتے ہوئے لاش کو دریائے سندھ کے کنارے سے نکالا گیا۔
لاش کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت طاری ہے جبکہ اہلِ خانہ شدید غم اور صدمے کی حالت میں ہیں۔
سوات، چیئرلفٹ میں پھنسے 4افراد کو بچا لیا گیا
دوسری جانب سوات کی تحصیل بحرین میں چیئرلفٹ میں 4 افراد جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون شامل تھے اچانک پھنس گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم ریسکیو 1122 سوات نے فوری طور پر کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: پہاڑی علاقوں میں چیئرلفٹ سروس پر پابندی سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا
ریسکیو ترجمان کے مطابق ڈیزاسٹر ریسکیو، واٹر اینڈ سرچ ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، ایک زخمی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مدین ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر تمام افراد محفوظ رہے.
ریسکیو آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین احمد شیر اور سٹیشن ہاؤس انچارج بخت روان نے کی، جنہوں نے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا۔














