وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈان میڈیا گروپ گذشتہ 13 ماہ میں 86 کروڑ کے سرکاری اشتہارات حاصل کر چکا ہے۔
’سرکاری اشتہارات جاری ہونے کی تفصیلات فراہم کر سکتا ہوں‘
وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ کہنا کہ ڈان کے سرکاری اشتہارات مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں غلط ہے اور وہ گذشتہ 13 ماہ میں 86 کروڑ کے سرکاری اشتہارات جاری کرنے کی تفصیلات دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اشتہارات مختلف تشہیری مہموں کے سلسلے میں جاری ہوتے ہیں اور اس کی کوئی مخصوص طے شدہ حد نہیں ہوتی۔
’میڈیا گروپ کو صرف سرکاری اشتہارات کو آمدن کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے‘
تاہم انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے میڈیا گروپ کو صرف سرکاری اشتہاروں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے اور صرف انہی اشتہارات کو اپنی آمدن کا ذریعہ بنانے کی بجائے دوسرے ذرائع آمدن تلاش کرنے چاہییں۔
انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک ہے کہ ڈان گروپ جیسے بڑے ادارے نے اتنے اشتہارات حاصل کرنے کے باجود ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔













