پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 2026 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کا انتظام سنبھالنے جا رہا ہے، کیونکہ موجودہ مالکانہ معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے حتمی پالیسی فیصلہ ایک ہفتے کے اندر متوقع ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت پی سی بی ایک سال کے لیے ملتان سلطانز کی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالے گا، جس کے بعد 2027 میں فرنچائز کو نیلامی کے ذریعے نئے مالک کے حوالے کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: ملتان سلطانز سے علی ترین کی جذباتی علیحدگی، اصولوں پر سمجھوتے سے انکار
رپورٹ کے مطابق اس انتظام سے پی سی بی کو ایک سال میں تقریباً 40 لاکھ ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے، کیونکہ بورڈ کو اس دوران مرکزی پول سے 30 لاکھ ڈالر اور اسپانسرشپ کی مد میں اضافی 10 لاکھ ڈالر ادا نہیں کرنے پڑیں گے۔
واضح رہے کہ نومبر میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے سوشل میڈیا کے ذریعے فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پی سی بی اور علی ترین کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے، جو بالآخر ناقابلِ واپسی مرحلے تک پہنچ گئے۔














