کپتان کے ’اوپنگ بلے باز‘ اسد عمر کی سیاسی کیریئر پر ایک نظر

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا اب وہ عمران خان کی کچن کیبنٹ تک پہنچ چکا ہے۔

اسد عمر کا شمار ان چند رہنماؤں میں کیا جاتا ہے جو عمران خان کی کچن کیبنٹ کا حصہ تھے اور وہ بغیر کسی دباؤ یا خوشامد کے پارٹی چئیرمین کو مخلصانہ مشورے دیا کرتے تھے۔

جب کبھی تحریک انصاف میں عمران خان کی جانشین کی بات ہوتی تب اسد عمر اس فہرست میں شامل ہوتے تھے مگر اب وہ پارٹی عہدوں سے علیحدگی کا فیصلہ اور اعلان کرچکے ہیں۔

پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی

میجر جنرل (ر) غلام عمر کے بیٹے اسد عمر نے سنہ 2012 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور سنہ 2013 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

سنہ 2013 میں انہوں نے خزانہ، کیبنٹ ڈویژن جیسی اہم قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کی جب کہ سنہ 2018 میں منتخب ہونے کے بعد عمران خان کابینہ میں وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالا۔

اسد عمر کے والد غلام عمر کا شمار یحییٰ خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور وہ ان ہی کے دور میں قائم ہونے والی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے پہلے مشیر بھی بنے۔

جب وزرات کا قلمدان واپس لے لیا گیا

اسد عمر کی پارٹی میں شمولیت کے وقت سے وہ بطور شیڈو فنانس منسٹر کے طور پر دیکھے جاتے اور اقتدار ملتے ہی انہیں وزیر خزانہ کا قلمدان تو دیا گیا لیکن 9 ماہ بعد ہی انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

یہ پہلا موقع تھا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم سمجھوتا کر لیا اور اپنے اوپننگ بلے باز کو ٹیم سے باہر کر دیا۔

وزیر خزانہ کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے چند دن بعد ایک ملاقات میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کو نزدیک ان کو ہٹانے کی کیا وجہ بنی تو انہوں نے بتایا کہ ’میں نے وہ سب کام کیا جو ایک وزیرخزانہ کو کرنا چاہیے تھا لیکن شاید میں میڈیا کو وہ وقت نہیں دے سکا اس لیے میرے خلاف ایک مہم چلائی گئی‘۔

وزارت لینے سے انکار

وزارت خزانہ کے ہٹائے جانے کے بعد عمران خان نے جب ان کو کوئی اور قلمدان لینے کا کہا تو انہوں نے معذرت کر لی اور کچھ عرصے تک کابینہ کے رکن بغیر رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے کام کرتے رہے لیکن کچھ عرصے بعد انہوں نے کابینہ میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا قلمدان لینے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

اسد عمر مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز اور نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر کے بھائی ہیں۔ اسد عمر خود کو سیاسیت میں متعارف کروانے کا کریڈٹ بھی اپنے بھائی کو دیتے ہیں۔

سب سے زیادہ تنخوا لینے والے چیف ایگزیکٹو

سیاست میں عملی قدم رکھنےسے قبل وہ اینگرو کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کر چکے ہیں اور وہ سب سے زیادہ تنخوا لینے والے چیف ایگزیکٹو کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اس کے علاوہ وہ ایچ ایس بی سی بینک اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ بھی منسلک رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp