وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں زیر بحث مسائل اور ان کے حل کا تعین مذاکرات کے ذریعے ہی کیا جائے گا اور اس دوران ماحول کو پر سکون رکھنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری ملکی معیشت پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے، خواجہ آصف کا اظہار اطمینان
خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ضروری ہے کہ مسائل کی فہرست پہلے طے کی جائے اور ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات پر زور دینا سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے اور ماحول کا درجہ حرارت نیچے لانے کی کوشش بھی اسی سلسلے کی ایک اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے معاملے میں بھی پارلیمان نے اپنا رول ادا کیا اور قانونی عمل کو چلنے دیا۔ اس دوران مختلف مسائل اور اعتراضات سامنے آئے لیکن ہاؤس میں بیٹھ کر حل تلاش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائیوں کا موازنہ بھارتی حملوں سے کرنا گمراہ کن ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مذاکرات میں مختلف طریقہ کار اپنائے جا سکتے ہیں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ بھی بات چیت ممکن ہے۔ اگر دونوں فریقین مثبت رویہ اختیار کریں اور ماحول مناسب ہو تو مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔














