حکومت پاکستان نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل مکمل کر لیا ہے، جس میں عارف حبیب کنسورشیم سب سے بڑے بولی دہندہ کے طور پر سامنے آیا۔ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص خریدنے کے لیے 135 ارب روپے کی پیشکش کی، جو کہ قبول کر لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے میں بہت زیادہ پوٹینشل، 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے تھے: عارف حبیب
یہ کنسورشیم مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی بڑی پاکستانی کمپنیوں کا اتحاد ہے، جس کا مقصد پی آئی اے کو مالی اور انتظامی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ اس کے اہم ارکان میں عارف حبیب گروپ شامل ہے، جو اس کنسورشیم کا لیڈر ہے۔ یہ پاکستان کا ایک بڑا کاروباری گروپ ہے جو مالیاتی خدمات، کھاد، رئیل اسٹیٹ، سیمنٹ اور اسٹیل کے شعبوں میں کام کرتا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ سے آغاز
عارف حبیب گروپ نے بنیادی طور پر اپنا کام اسٹاک مارکیٹ سے شروع کیا اور یہ ایک بروکریج ہاؤس کے طور پر ابھرا، جو پاکستان کے بڑے بروکریج ہاؤسز میں شمار ہوتا ہے۔ اس بروکریج ہاؤس کے بعد گروپ کی کامیابیوں کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا اور انہوں نے بینکنگ سیکٹر میں بھی قدم رکھا۔ اس وقت یہ ایک انویسٹمنٹ بینک تھا جس کا نام عارف حبیب انویسٹمنٹ بینک تھا۔
گروپ نے فرٹیلائزرز کے شعبے میں بھی اپنا لوہا منوایا اور فاطمہ فرٹیلائزرز میں سرمایہ کاری کی، جو پاکستان کی بڑی فرٹیلائزر کمپنی ہے۔
ریئل اسٹیٹ میں قدم
عارف حبیب گروپ نے ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور کراچی کا مشہور اور پرکشش ہاؤسنگ پراجیکٹ نیا ناظم آباد شروع کیا۔ اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ میں بھی گروپ کی سرمایہ کاری موجود ہے۔
ایوی ایشن کا شعبہ
معاشی تجزیہ کار تنویر احمد کے مطابق، گروپ کی کامیابی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ نئے کاروبار کی طرف بڑھنا جانتا ہے اور انہیں کامیابی سے انجام بھی دیتا ہے۔ اسٹاک، رئیل اسٹیٹ، فرٹیلائزر یا سیمنٹ، ہر شعبے میں گروپ نے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

اب یہ گروپ ایوی ایشن میں بھی قدم رکھ چکا ہے، اور ائیر کراچی میں اس کی سرمایہ کاری موجود ہے۔ ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر یہ کہنا درست ہوگا کہ گروپ پی آئی اے کو کامیابی کی ٹریک پر ڈال دے گا۔
دیگر حبیب گروپس سے فرق
پاکستان میں حبیب نام سے کئی بڑے کاروباری گروپس کام کرتے ہیں، لیکن یہ واضح رہے کہ عارف حبیب گروپ، جو پی آئی اے خرید چکا ہے، دیگر گروپس سے مختلف ہے۔ مثال کے طور پرہاؤس آف حبیب: انڈس موٹرز (ٹویوٹا)، حبیب میٹروپولیٹن بینک وغیرہ چلاتا ہے۔ حبیب بینک لمیٹڈ (HBL): پاکستان کا سب سے بڑا بینک، اب آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کی ملکیت ہے اور حبیب رفیق (HRL): تعمیرات اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں بڑا گروپ ہے۔















