پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مذاکرات کے نام پر دوغلا رویہ اپنا کر عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان مذاکرات پر نہیں تصادم اور فتنہ و فساد پر یقین رکھتے ہیں، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ دراصل حکمرانوں کی سیاسی بے چینی اور فکری کمزوری کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو پیشگی شرائط کے ساتھ بات چیت کی بات نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کا موجودہ طرزِ عمل سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے، اسی وجہ سے پاکستان تحریکِ انصاف حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شریک نہیں ہوگی۔
اس سے قبل پشاور میں نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بھی شیخ وقاص اکرم نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب وزیراعظم کے پاس اختیارات ہی نہیں تو مذاکرات کی ضرورت ہی کیا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم کی جانب سے دی گئی مذاکرات کی پیشکش پر تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی لیڈر کے سیاسی ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں، خواجہ آصف
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے گزشتہ روز ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر تحریک انصاف بات چیت کے لیے تیار ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔














