وینزویلا میں چین اور روس کی دلچسپی کیا ہے، امریکا کیوں پریشان ہے؟

جمعہ 26 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیریبین خطے میں امریکی بحری کارروائیوں میں تیزی کے بعد وینزویلا ایک بار پھر عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ تیل، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور جغرافیائی سیاست کے امتزاج نے وینزویلا کو امریکا، چین اور روس کے درمیان ایک اہم اسٹریٹجک میدان بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وائٹ ہاؤس کا فوج کو وینزویلا کے تیل کی ترسیل روکنے پر توجہ مرکوز رکھنے کا حکم

حالیہ ہفتوں میں امریکا نے کیریبین میں نہ صرف منشیات اسمگلنگ کے شبہے میں کشتیوں بلکہ وینزویلا سے آنے والے آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا ہے، جس پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اگرچہ وینزویلا کی معیشت کمزور ہے، مگر اس کے پاس دنیا کے سب سے بڑے ثابت شدہ تیل کے ذخائر موجود ہیں، جن کا حجم 300 ارب بیرل سے زائد بتایا جاتا ہے۔ یہی ذخائر وینزویلا کو عالمی سیاست میں اہم بناتے ہیں۔

چین کے لیے وینزویلا توانائی کے ایک اہم ذریعے کے طور پر ابھر رہا ہے۔ اگرچہ وینزویلا سے چین کی تیل درآمدات اس کے مجموعی درآمدی حجم کا صرف 4 فیصد ہیں، مگر یہ شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اندازہ ہے کہ چین جلد یومیہ 6 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل وینزویلا سے درآمد کرے گا، جو وینزویلا کی بڑی پیداوار کے برابر ہے۔

اس تیل کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ وینزویلا کا میری بلینڈ مغربی پابندیوں کی زد میں ہے، جس سے چین کو توانائی کے معاملے میں زیادہ خودمختاری ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وینزویلا میں مسلح مداخلت انسانی المیہ ہوگی، برازیل کے صدر کا امریکا کو انتباہ

چین نے وینزویلا میں بھاری سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ مختلف اندازوں کے مطابق وینزویلا چین کا 60 سے 70 ارب ڈالر کا مقروض ہے۔ اس کے علاوہ وینزویلا میں اسلحہ، ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں چینی مصنوعات کا وسیع استعمال ہو رہا ہے۔

حال ہی میں صدر نکولس مادورو نے ایک پریس کانفرنس میں ہواوے کا موبائل فون پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ فون امریکی انٹیلی جنس کے لیے ناقابلِ ہیک ہے۔

سیاسی طور پر بھی وینزویلا کا نظام چین کی ریاستی سوچ سے ہم آہنگ سمجھا جاتا ہے۔ امریکا کی جانب سے وینزویلا کے آئل ٹینکروں کی ضبطی پر چین کی مذمت بیجنگ کو ایک اتحادی کے طور پر پیش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ساتھ ہی چین کے لیے یہ بھی فائدہ مند ہے کہ امریکا کو لاطینی امریکا میں مصروف رکھا جائے، کیونکہ امریکا کی اصل توجہ انڈو پیسیفک خطے اور تائیوان پر چین کے بڑھتے اثر و رسوخ پر ہے۔

روس بھی لاطینی امریکا میں اپنا اثر بڑھانا چاہتا ہے تاکہ امریکا کی بالادستی کو چیلنج کیا جا سکے۔ وینزویلا اور روس کے تعلقات 2001 میں ہیوگو شاویز کے دور سے مضبوط ہوئے، جس کے بعد روس وینزویلا کا سب سے بڑا اسلحہ فراہم کرنے والا ملک بن گیا۔

2019 میں جب نکولس مادورو کی حکومت کو شدید خطرات لاحق ہوئے اور خوان گوائیڈو کو امریکا کی حمایت حاصل ہوئی، تو روس نے فوجی طیارے بھیج کر مادورو کی حکومت کو سہارا دیا۔

ماہرین کے مطابق اس وقت روس کی حمایت ماضی جتنی مضبوط نظر نہیں آتی اور کریملن کی جانب سے اب تک صرف بیانات تک محدود ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کھل کر وینزویلا سے تیل اور دیگر اثاثے واپس لینے کا مطالبہ کر چکے ہیں، جسے 2007 میں وینزویلا کی تیل صنعت کی قومی تحویل سے جوڑا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا نے وینزویلا کے قریب ایک اور آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا

امریکی تیل کمپنیوں کے لیے ہمسایہ ملک گیانا میں تیل کی پیداوار زیادہ منافع بخش ہے، جبکہ وینزویلا نے گیانا کے سرحدی علاقے ایسیکویبو پر بھی دعویٰ کر رکھا ہے۔ ان عوامل کی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا کے لیے مادورو حکومت کو کمزور کرنا تیل اور جغرافیائی سیاست، دونوں اعتبار سے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

مجموعی طور پر وینزویلا صرف ایک معاشی بحران کا شکار ملک نہیں بلکہ امریکا، چین اور روس کے درمیان طاقت کے توازن کی ایک اہم کڑی بن چکا ہے، جہاں تیل، اسلحہ اور عالمی اثر و رسوخ کی جنگ واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایچ ون بی ویزا انٹرویوز کی منسوخی پر بھارت کو پریشانی لاحق

دنیا کے صرف ایک دریا میں پائی جانے والی قدیم و نایاب مچھلی معدومیت کے خطرے سے دوچار

برطانوی ہائی کمیشن کا پاکستانی ڈیمارش پر ردعمل، شواہد فراہم کرنے پر زور

کوئٹہ بلدیاتی انتخابات ملتوی، 12 سال بعد جاگنے والی امید پھر معدوم، عوام کیا کہتے ہیں؟

سیاحت کے شعبے میں 21 ارب ڈالر کی آمدنی اور اگلے برسوں میں مسلسل اضافے کی توقع

ویڈیو

پی آئی اے نجکاری: ماضی میں پرائیوٹائز ہونے والے ادارے بہتر ہوئے یا بدتر؟

کیا پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہیں؟

یو اے ای کے صدر کا دورہ پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر، حکومت کا عمران خان کے ساتھ ممکنہ معاہدہ

کالم / تجزیہ

پی آئی اے کی نجکاری، راست اقدام

منیر نیازی سے آخری ملاقات

فقیہ، عقل اور فلسفی