بھارت کے شہر حیدرآباد کے نواحی علاقے نلکنٹہ میں گھریلو تشدد کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر بیوی پر بے وفائی کا شبہ کرتے ہوئے اسے آگ لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو انتہا پسندوں کے حملوں کا سامنا
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران بیٹی نے ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی دھکے دے کر آگ میں دھکیل دیا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے جن کی وجہ شوہر کا بیوی پر ناجائز تعلقات کا شبہ بتایا جا رہا ہے۔
کرسمس کی رات ہونے والے ایک جھگڑے کے دوران ملزم طیش میں آ گیا اور بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
مزید پڑھیے: ’ٹرمپ کی نئی خارجہ پالیسی میں پاکستان ’وِنرز‘ جبکہ بھارت ’لوزرز‘ میں شامل‘
چیخ و پکار سن کر ہمسائے موقع پر پہنچے اور زخمی بچی کو بچا لیا تاہم خاتون شدید جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکیں۔ جوڑے کے 2 بچے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں تاہم ملزم نے رویہ بہتر کرنے کی یقین دہانی پر انہیں واپس بلایا تھا۔
مزید پڑھیں: آر ایس ایس کے 100 سال: بھارت میں ہندو قوم پرست تنظیم کے بڑھتے منفی اثرات
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی ہے جبکہ واقعے نے ایک بار پھر گھریلو تشدد کے سنگین مسئلے کو اجاگر کر دیا ہے۔














