کینیڈین حکام نے ایئر انڈیا کے پائلٹ کے دو بریتھ الائزر ٹیسٹ ناکام ہونے کے بعد سنگین حفاظتی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وینکوور سے دہلی جانے والی پرواز AI186 (23 دسمبر 2025) کو آخری لمحے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جب ایک کاک پٹ عملے کے رکن کو روانگی سے پہلے اتارا گیا۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ متعلقہ پائلٹ کو تحقیقات کے دوران پرواز سے معطل کر دیا گیا ہے اور متبادل پائلٹ کو روانگی کے لیے تعینات کیا گیا جس کے باعث پرواز میں تاخیر ہوئی۔ کمپنی نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور کسی بھی تصدیق شدہ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’فلک بھارت سے ہنوز خفا‘: ایئر انڈیا طیارے کو پھر سبکی کا سامنا
ٹرانسپورٹ کینیڈا نے 24 دسمبر 2025 کو ایئر انڈیا کے سینئر حکام کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ RCMP کی جانب سے کیے گئے دو بریتھ الائزر ٹیسٹ میں پائلٹ شراب کے زیر اثر پایا گیا اور اسے ڈیوٹی کے لیے غیر موزوں قرار دیا گیا۔
اس واقعے کو کینیڈین ایوی ایشن ریگولیشنز (CARs) 602.02 اور 602.03 کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے اور یہ ایئر انڈیا کے فارن ایئر آپریٹر سرٹیفیکیٹ (FAOC) کی شرائط کی بھی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا کی پروازوں میں بار بار فنی مسائل، مسافروں کا اعتماد متزلزل
خط میں مزید کہا گیا کہ ممکن ہے کہ RCMP اور TCCA کی جانب سے قانونی کارروائی کی جائے اور ایئر انڈیا سے 26 جنوری تک تحقیقات کے نتائج اور اصلاحی اقدامات کی تفصیل پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔














