اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے وینزویلا میں حالیہ کشیدگی اور ہفتے کے روز امریکی فوجی کارروائی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے، جس کے خطے پر ممکنہ منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
انتونیو گوٹیرس کے ترجمان سٹیفان ڈوجارک نے کہا کہ وینزویلا کی موجودہ صورتحال سے قطع نظر، یہ حالات ایک خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا کا وینزویلا پر بڑا حملہ: صدر مادورو اہلیہ سمیت گرفتار، امریکی عدالت میں فرد جرم بھی عائد کردی گئی
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل بین الاقوامی قانون بشمول اقوامِ متحدہ کے چارٹر کا مکمل احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ وہ اس بات پر گہری تشویش میں ہیں کہ بین الاقوامی قوانین کا احترام نہیں کیا گیا۔
سیکریٹری جنرل نے وینزویلا میں تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کے مکمل احترام کے ساتھ جامع مکالمے میں شامل ہوں۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے مختلف شہروں پر حملے کیے ہیں، اور صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا ہے، جبکہ امریکی عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کردی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کی گئی۔














