پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کی پرانی تصویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں ان کی عمر کو لے کر بحث چھڑ گئی ہے۔
وائرل ہونے والی تصویر نادیہ خان کے ابتدائی ڈرامے پل دو پل کی بی ٹی ایس تصویر ہے، جو 1996 میں شمالی پاکستان میں کی گئی ایک آؤٹ ڈور شوٹنگ کی ہے۔ تصویر میں نادیہ خان کے ساتھ ڈرامہ کی لکھاری حسینہ معین اور ایک شریک اداکار بھی نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’بس بہت ہو گیا‘، نادیہ خان کی فنکاروں کو آخری وارننگ، قانونی کارروائی کی دھمکی
مداح اس تصویر کے حوالے سے نادیہ خان کی عمر کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ اگر یہ تصویر 1995/1996 کی ہے اور نادیہ اب بھی 40 سال کی ہیں تو اس وقت وہ صرف 10 سال کی تھیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ چونکہ ڈرامہ وسط 1996 میں نشر ہوا اور تصویر میں نادیہ خان تقریباً 19 سال کی نظر آ رہی ہیں اس لحاظ سے ان کی موجودہ عمر 49 یا 50 سال ہو سکتی ہے جبکہ بعض صارفین نے نادیہ خان کی عمر 55 سال تک بھی قرار دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نادیہ خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 40 سال کی عمر کی خواتین کو اچھے اسکِن کیئر ریجِم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ اس پر مداحوں نے مختلف ردعمل ظاہر کیے کچھ نے کہا کہ نادیہ خان ابھی 40 سال کی نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ حسد کر رہی ہیں‘، نادیہ خان صارفین کے نشانے پر کیوں؟
نادیہ خان نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ چالیس کے پیٹے کا مطلب 40 سال نہیں بلکہ 40 سے 49 سال تک ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگ جو ان کے بیان کو غلط سمجھ کر تبصرے کرتے ہیں انہیں نظر انداز کرنا چاہیے کیونکہ ایسے لوگ صرف فتنہ پھیلاتے ہیں۔
واضح رہے کہ نادیہ خان نے اپنی اداکاری سے ڈراموں جیسے ایسی ہے تنہائی، کمظرف، بندھن، کیسی عورت ہوں میں، دیس پردیس، پل دو پل، ڈولی ڈارلنگ وغیرہ میں مقبولیت حاصل کی ہے۔ وہ اس وقت ڈرامہ ریویو شو کیا ڈرامہ ہے کی کو-ہوسٹنگ کر رہی ہیں اور آنے والی نیٹ فلکس سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو میں بھی نظر آئیں گی۔













