امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کے ایک افسر نے پورٹ لینڈ میں ٹارگٹڈ ٹریفک اسٹاپ کے دوران مبینہ طور پر وینزویلا کے جرائم پیشہ گینگ ٹرین ڈی آراگوا سے تعلق رکھنے والے ایک مرد اور ایک خاتون کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب گاڑی کے ڈرائیور نے اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا، کینٹکی اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ، ایک ہلاک، ایک اسپتال منتقل
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جمعرات کی سہ پہر تقریباً 2 بج کر 18 منٹ پر پورٹ لینڈ کے جنوب مشرقی علاقے میں فائرنگ کی اطلاع پر مقامی پولیس پہنچی۔ پولیس نے تصدیق کی کہ واقعے میں وفاقی اہلکار ملوث تھے، تاہم مقامی پولیس نے فائرنگ نہیں کی۔
امریکی محکمہ داخلی سلامتی کی اسسٹنٹ سیکریٹری ٹریشیا مکلافلن کے مطابق بارڈر پٹرول ایجنٹس ایک مخصوص گاڑی کو روک رہے تھے، جس میں سوار ایک شخص وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ہدف تھا۔ ان کے بقول گاڑی میں موجود مسافر ایک غیر قانونی وینزویلا شہری تھا جو ٹرین ڈی آراگوا نامی سرحد پار جرائم پیشہ نیٹ ورک سے وابستہ ہے اور حالیہ فائرنگ کے ایک واقعے میں بھی ملوث رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گاڑی کا ڈرائیور بھی اسی گینگ کا رکن سمجھا جاتا ہے۔ جب اہلکاروں نے اپنی شناخت ظاہر کی تو ڈرائیور نے گاڑی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔ صورتحال میں ایک افسر نے اپنی جان کو خطرے میں محسوس کرتے ہوئے دفاعی فائرنگ کی۔
فائرنگ کے بعد گاڑی جائے وقوعہ سے فرار ہو گئی، تاہم کچھ ہی دیر بعد پورٹ لینڈ کے ہیزل وڈ علاقے میں ایک مرد اور خاتون زخمی حالت میں پائے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں کو گولیوں کے زخم آئے تھے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا: ڈلاس میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ پر فائرنگ، 2 افراد ہلاک
پورٹ لینڈ پولیس بیورو کے چیف باب ڈے نے کہا کہ واقعہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور مکمل تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
ادھر سینیٹر جیف مرکلی نے بتایا کہ واقعہ پورٹ لینڈ ایڈونٹسٹ اسپتال کے قریب پیش آیا، جبکہ پورٹ لینڈ کے میئر کیتھ ولسن نے وفاقی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک شہر میں امیگریشن سے متعلق کارروائیاں روکی جائیں۔
میئر کے مطابق وفاقی اداروں کی عسکری نوعیت کی کارروائیاں شہری تحفظ اور آئینی اقدار کے منافی ہیں، جبکہ انہوں نے عوام سے تشدد کے جواب میں تشدد سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی۔












