ہائی کورٹیسول لیول کی بڑی علامات اور اس کے جسم پر اثرات کیا ہیں؟

جمعہ 9 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کورٹیسول کو عموماً اسٹریس ہارمون کہا جاتا ہے۔ یہ ہارمون میٹابولزم، بلڈ پریشر اور ذہنی دباؤ کے دوران جسم کے ردعمل کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اگرچہ کورٹیسول زندگی کے لیے ضروری ہے اور عارضی دباؤ میں جسم کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے، تاہم اس کی مسلسل بلند سطح جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خوشی، محبت و دیگر جذبات کے ہارمونز کونسے، یہ ہمارے دماغ پر کیسے حکومت کرتے ہیں؟

دائمی اسٹریس، نیند کی کمی اور مسلسل تھکن اس کی بڑی وجوہات سمجھی جاتی ہیں، ہائی کورٹیسول کی علامات کو بروقت پہچاننا صحت کے توازن کو بحال رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

مناسب آرام کے باوجود مسلسل تھکن

ہائی کورٹیسول کی سب سے عام علامت مستقل تھکاوٹ ہے۔ پوری نیند لینے کے باوجود انسان خود کو نڈھال اور ذہنی طور پر بوجھل محسوس کرتا ہے، کورٹیسول کی زیادتی جسم کی قدرتی نیند جاگنے کی گھڑی کو متاثر کرتی ہے، جس کے باعث رات بھر مناسب بحالی نہیں ہو پاتی۔

بے چینی اور چڑچڑاپن میں اضافہ

کورٹیسول کی بلند سطح اعصابی نظام کو مسلسل فائٹ یا فلائٹ موڈ میں رکھتی ہے۔ اس کے نتیجے میں بے چینی، گھبراہٹ، موڈ میں تیزی سے تبدیلی اور جذباتی ردعمل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وقت کے ساتھ سکون محسوس کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر ادویہ سے بھی کولیسٹرول کم نہ ہو تو کیا کیا جائے؟

کورٹیسول چربی کو ذخیرہ کرنے میں مدد دیتا ہے، خصوصاً پیٹ کے حصے میں۔ اس کے ساتھ میٹھے اور چکنائی والی غذا کی خواہش بھی بڑھ جاتی ہے، جس کی وجہ سے صحت مند خوراک کے باوجود وزن کم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

نیند میں دشواری

رات کے وقت کورٹیسول کی زیادہ مقدار میلاٹونن ہارمون کی پیداوار میں رکاوٹ بنتی ہے، جس سے نیند آنے یا برقرار رکھنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ خراب نیند مزید کورٹیسول بڑھا دیتی ہے اور اس طرح دباؤ کا ایک نہ ختم ہونے والا چکر بن جاتا ہے۔

مدافعتی نظام کی کمزوری

طویل عرصے تک ہائی کورٹیسول جسم کے مدافعتی نظام کو دبا دیتا ہے، جس سے بار بار انفیکشن، زخموں کا دیر سے بھرنا اور سوزش سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی بلڈ پریشر سے وابستہ گردوں کی بیماریاں اموات میں اضافے کا سبب قرار

اگرچہ کورٹیسول قلیل مدت کے دباؤ میں جسم کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن اس کی مستقل زیادتی آہستہ آہستہ جسمانی صحت اور جذباتی توازن کو متاثر کرسکتی ہے۔ ان علامات کو بروقت سمجھ کر اسٹریس مینجمنٹ، بہتر نیند اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر طویل مدتی مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp