گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 11 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران 6 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جب سیکیورٹی فورسز نے مطلوبہ مقام پر موثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔
مزید پڑھیں: ایمان مزاری کی درخواست مسترد، ڈی جی آئی ایس پی آر کو بطور پراسیکیوشن گواہ طلب کرنے کی کوشش ناکام

ادھر کرم ضلع میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران 5 خوارج مارے گئے۔
ہلاک شدہ دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں اور عام شہریوں کے نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت ملک میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں تیز رفتار سے جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں: ڈنکے کی چوٹ پر آپریشن ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا خیبرپختونخوا حکومت کو سخت جواب
وزیراعظم کی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور کرم میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے ان آپریشنز کے دوران 11 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات، عزم اور مہارت کی تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کی موجودگی میں دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ارضِ وطن کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں