کراچی میں ایک ہی دن کے دوران 2 مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ گلشنِ اقبال میں گیس لیکج کے باعث فلیٹ میں زور دار دھماکا ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایف بی انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، دھماکوں کی آوازیں، 2 افراد جاں بحق، 33 زخمی
کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 2 میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں فلیٹ میں آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ میں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس حادثے میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب کراچی کے ایف بی انڈسٹریل ایریا بلاک 21 میں تولیے بنانے والی ایک فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم کسی جانی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ملی۔
پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔













