وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دسمبر 2025 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ محب وطن سمندر پار پاکستانیوں نے دسمبر 2025 میں 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی ہیں، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔
مزید پڑھیں: ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، دسمبر میں 3.6 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں
انہوں نے بتایا کہ یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 16.5 فیصد زیادہ ہے، جو حکومتی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کا پراپیگنڈے کو نظرانداز کر کے وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے ترسیلات بھیجنا ان کی ملکی محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔
انہوں نے کہاکہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو حکومت کی اولین ترجیحات میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر دسمبر 2025 میں 3.6 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں۔
مشیرِ وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا ہے کہ دسمبر 2025 کی ترسیلاتِ زر گزشتہ سال دسمبر میں بھیجی گئی 3.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 17 فیصد زیادہ رہیں۔
مزید پڑھیں: مہنگائی کا دباؤ: پاکستانیوں کو بنیادی ضروریات نے جکڑ لیا، ترسیلات زر پر انحصار بڑھ گیا
نومبر 2025 میں بھیجی گئی 3.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں یہ اضافہ 13 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔













