پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے گزشتہ ہفتے کراچی اوپن میں شاندار کھیل پیش کرنے کے بعد عالمی اسکواش رینکنگ میں ٹاپ 30 میں جگہ بنالیتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی اوپن: نور زمان کوارٹر فائنل ہارگئے لیکن شائقین کا دل جیت لیا
نور نے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کی رینکنگ میں عالمی نمبر 30 تک رسائی حاصل کی، جبکہ ان کی پچھلی بہترین رینکنگ 37 تھی جو انہوں نے 27 اکتوبر 2025 کو حاصل کی تھی۔
21سالہ نور نے کراچی اوپن کے کوارٹر فائنل میں سابق عالمی چیمپیئن محمد الشرباجی کے ساتھ سخت مقابلہ کیا اور 5 زبردست گیمز کے بعد 3-2 سے ہارے جس کے ساتھ پاکستان کا کراچی اوپن کا ٹورنامنٹ میں سفر بھی تمام ہوگیا تھا۔
نور جو گزشتہ سال انڈر 23 عالمی چیمپیئن تھے 5 گیمز کے طویل مقابلوں میں ماہر ہیں۔
سابق عالمی نمبر ایک الشرباجی نے نور کو دنیا کے سب سے مرکوز کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ ایک نوجوان کھلاڑی ابھر رہا ہے۔
مزید پڑھیے: کراچی اوپن اسکواش: پہلا دن پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہا
دریں اثنا پاکستانی کھلاڑی اشاب عرفان نے بھی پی ایس اے رینکنگ میں 2 پوزیشنز کا اضافہ کر کے نمبر 45 حاصل کیا جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔ اشاب نے سابق عالمی چیمپیئن کریم جواد کے ساتھ 5 گیمز کے مقابلے میں سخت مقابلہ کیا۔
متعدد دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی کراچی اوپن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
نصیر اقبال نے رینکنگ میں 35 پوزیشنز کا اضافہ کر کے 99ویں نمبر حاصل کیا جبکہ ان کی پچھلی بہترین رینکنگ 35 تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی اسکواش میں واپسی جاری، اسکاٹ لینڈ میں انڈر-15 اور 13 چیمپیئن شپ ٹائٹل بھی ہاتھ آگئے
طیب اسلم نے 50 پوائنٹس بڑھا کر 149واں نمبر حاصل کیا حالانکہ ان کی اعلیٰ ترین رینکنگ 41 تھی۔
خواتین کھلاڑیوں میں ثنا بہادر اور مریم ملک نے بھی کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کی۔
ثنا، جو بولنے اور سننے سے قاصر ہیں، نے ٹاپ 200 میں جگہ بنائی اور 197ویں نمبر پر آ گئیں جبکہ ان کی پچھلی رینکنگ 212 تھی۔
مریم ملک نے 214 واں نمبر حاصل کیا جو ان کی پچھلی رینکنگ 248 سے بہت بہتر ہے۔
ثنا اور مریم دونوں کو پہلے راؤنڈ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کی رینکنگ میں بہتری پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: ڈینش جونیئر اوپن اسکواش چیمپیئن شپ، پاکستان کی 3 بہنوں نے تاریخ رقم کر دی
کراچی اوپن میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان کے تمام 6 کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری دیکھنے کو ملی جس سے ملک کے اسکواش کھیل کی عالمی شناخت مضبوط ہوئی ہے۔












