قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ، اسپیکر نے اہم اعلان کردیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں اسد قیصر، عامر ڈوگر، عاطف خان اور دیگر ارکان بھی شریک تھے۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری مکمل کر لی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہیپ منگل کو دوبارہ اپوزیشن لیڈر کے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، بدھ کے روز اسپیکر کاغذات کا جائزہ لیں گے، جبکہ جمعرات کو تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری آئندہ 2 سے 3 روز میں متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر عمران خان کے خلاف بول پڑے
ان کے مطابق اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہو چکی ہے اور تقرری کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر رکھا ہے۔














