کسٹمز حکام نے بین الاقوامی شپنگ لائنز کی جانب سے من مانے اور حد سے زیادہ بلنگ کے طویل عرصے سے جاری طریقۂ کار کا خاتمہ کردیا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق اب شپنگ چارجز کے لیے سرکاری بینک ایکسچینج ریٹس کے اطلاق کو یقینی بنایا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق، آل پاکستان شپنگ ایسوسی ایشن کی تمام رکن شپنگ لائنز اسٹیٹ بینک کے قواعد و ضوابط کے مطابق، اپنے متعلقہ مجاز کمرشل بینکوں کی فراہم کردہ ایکسچینج ریٹس کی بنیاد پر ہی شپنگ فیس وصول کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پورٹ قاسم: عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری، حکومت نے نیا ترقیاتی وژن پیش کردیا
ایف بی آر کے مطابق یہ اہم پیش رفت پاکستان کسٹمز کی جانب سے قائم کردہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
پاکستان میں کام کرنے والی سب سے بڑی شپنگ لائن، مارسک نے سرکاری بینک ایکسچینج ریٹس کا اطلاق شروع کر دیا ہے۔
ملک کے کل کارگو کا تقریباً 26 فیصد سنبھالنے والی اس کمپنی کے اس اقدام سے پوری صنعت کے لیے ایک مثال قائم ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک بنگلہ تجارت میں اہم پیشرفت: کراچی سے پہلا براہ راست کارگو جہاز چٹاگانگ پورٹ پر لنگر انداز
بیان کے مطابق، بڑی بین الاقوامی شپنگ لائنز اور ان کے مقامی ایجنٹس کی جانب سے ایس بی پی کے مطابق ایکسچینج ریٹس پر عملدرآمد کی تحریری یقین دہانیاں موصول ہو چکی ہیں، جس سے پوری صنعت میں مکمل اطاعت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
گزشتہ کئی برسوں سے تاجر اور برآمد کنندگان شپنگ لائنز کی جانب سے ڈالر کے بڑھا چڑھا کر اور من مانے ایکسچینج ریٹس کے اطلاق پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے تھے، جو اکثر اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ریٹس سے کہیں زیادہ ہوتے تھے۔
ایف بی آر کے مطابق، اس عمل سے کاروبار کرنے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا، برآمدات کی مسابقت متاثر ہوئی اور شپنگ چارجز میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی پورٹ متحدہ عرب امارات کے حوالے، معاہدہ ہوگیا
ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے تاجروں اور برآمد کنندگان پر لاگت کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی، شپنگ چارجز میں شفافیت اور پیشگی اندازے کی سہولت بہتر ہوگی، اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوگا۔
یہ کامیابی ایف بی آر کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ جائز تجارت کے تحفظ، کاروبار میں آسانی کے فروغ اور مؤثر ضابطہ کاری و شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا۔














