ایئر انڈیا A350 طیارے کے دوسرے انجن سے کارگو کنٹینر ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔ جہاز نیویارک کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن ایران کے فضائی حدود کی بندش کے باعث واپس نئی دہلی لوٹنا پڑا۔
مزید پڑھیں:کینیڈا کے ہوائی اڈے پر ہنگامہ: ایئر انڈیا کا پائلٹ شراب کے نشے میں، پرواز آخری لمحے روکنی پڑی
واقعہ آج صبح مقامی وقت کے مطابق 5:25 بجے پیش آیا، جب جہاز اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد ٹیکسی وے سے اپرون کی طرف جا رہا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے مطابق، اس وقت دیکھنے کی حد کم تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ ٹگ کارگو کنٹینرز کو ٹرمینل 3 کے بیگیج میک اپ ایریا لے جا رہا تھا۔ گاڑی لین سے کراس کرتے وقت ایک کنٹینر ٹیکسی وے کے درمیان گر گیا اور جہاز کے دوسرے انجن سے ٹکرا گیا۔ دھات کے ٹکڑے ہٹانے کے بعد جہاز کو پارک کردیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایران نے امریکا کے ساتھ کشیدگی اور داخلی اضطراب کے بعد فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا اور صرف خصوصی اجازت یافتہ پروازوں کو اجازت دی گئی تھی۔ یہ بندش قریباً 5 گھنٹے جاری رہی۔
مزید پڑھیں:’فلک بھارت سے ہنوز خفا‘: ایئر انڈیا طیارے کو پھر سبکی کا سامنا
بھارت کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو نے کہا کہ اس اچانک فضائی حدود کی بندش کے سبب کچھ بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوں گی۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ جہاز متبادل راستوں پر چل رہے ہیں، جس کی وجہ سے تاخیر یا منسوخی کا امکان ہے۔














