پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری، گلیات اور گردونواح میں 23 جنوری تک شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ متعلقہ حکام نے سیاحوں سے سفر سے قبل موسم کی صورتحال جانچنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کر دیے ہیں اور 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:روس کے جزیرے کامچاٹکا میں 60 سال کی بدترین برفباری، گاڑیاں اور عمارتیں دب گئیں
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری اور گردونواح میں آئندہ دنوں میں موسمی سرگرمی بڑھنے کی توقع ہے اور سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لیے ہر وقت موجود رہے گی۔

انہوں نے سیاحوں سے درخواست کی کہ موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سفر کریں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ نبیل جاوید نے زور دیا کہ موسم کے حوالے سے احساسِ ذمہ داری قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، ترجمان نے بتایا۔













