مری میں متوقع برفباری اور بارش کے پیشِ نظر صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ انتظامات کا جائزہ لینے مری پہنچ گئے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کی جس میں برف باری، روڈ کلیئرنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جمعرات اور جمعہ کو مری میں برفباری اور بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں 18 انچ سے زائد برف پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مری اور گلیات میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی، سیاحوں کے لیے الرٹ جاری
صوبائی وزیر نے حساس شاہراہوں اور پوائنٹس کی فوری نشاندہی، مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل مانیٹرنگ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطہ رکھنے اور بروقت اپ ڈیٹس لینے پر زور دیا۔ انہوں نے مری کی مختلف شاہراہوں، سائیڈ کیمپس اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کا دورہ کیا اور میکینکل ونگ کی برف ہٹانے اور روڈ کلیئر کرنے والی مشینری کا بھی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سیاحوں اور مقامی آبادی کو سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے اور ممکنہ برفانی طوفان سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو مکمل باہمی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں سرد اور خشک موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی، پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمک کے بیگز کی وافر مقدار اسٹور رومز میں موجود ہے جبکہ مری میں 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی مری، اسسٹنٹ کمشنر، محکمہ ہائی وے اور میکینکل ونگ کے افسران بھی موجود تھے۔














