خوشبودار و میٹھے آم وہ بھی سردیوں میں، کہروڑپکا کے کاشتکار نے کمال کردیا

جمعرات 22 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوں تو آم موسم گرما کا پھل ہے مگر جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا میں یہ مشاہدہ بدل کر رکھ دیا گیا ہے اور اب جنوری میں بھی پکے ہوئے خوشبودار آم درختوں پر لٹکتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آم، سنہری سفارتکار جو تعلقات میں مٹھاس گھولتا ہے

کہروڑپکا کے ایک جدت پسند باغبان جعفر گیلانی نے آم کی ایسی قسم متعارف کروا دی ہے جو سردیوں میں بھی اگتی ہے۔ انہوں نے آم کی یہ بے موسمی قسم ’بارہ ماشی‘ کامیابی سے اگا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

یہ آم نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ اپنی خوشبو اور مٹھاس کے لحاظ سے بھی حیران کن ہے۔

جعفر گیلانی کا مینگو فارم موضع نور شاہ گیلانی میں واقع ہے جو تقریباً 45 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

اس فارم میں آم کی مختلف اقسام کے درخت موجود ہیں جو عام سیزن (موسم گرما) میں پھل دیتے ہیں جبکہ بارہ ماشی کے درخت سرد موسم میں بھی پھل سے لدے ہوتے ہیں۔

بارہ ماشی آم کی یہ ورائٹی ستمبر میں بُور لیتی ہے جبکہ دسمبر میں اس کا پھل پک کر تیار ہو جاتا ہے۔ مزید برآن یہ درخت بھرپور پھل دیتا ہے۔

مزید پڑھیے: بنگلہ دیش کے پاکستان سے پھل درآمد کرنے کے امکانات روشن

اگرچہ بارہ ماشی آم کی رنگت باہر سے سبز ہوتی ہے لیکن اندر سے یہ نہایت میٹھا، رسیلا اور خوش ذائقہ ہوتا ہے۔

نایاب قسم کے اس بارہ ماشی آم کو اگر فروغ دیا جائے تو بہت جلد یہ پاکستان کے دوسرے حصوں میں بھی دستیاب ہو سکتا ہے جس سے لوگ سردیوں میں بھی رسیلے اور خوش ذائقہ آم سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ دیکھیے یخ بستہ موسم میں آم کی خوشبو اور مٹھاس سے بھری محمد رمضان بھٹی کی یہ ویڈیو رپورٹ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp