.
پنجاب کی حکومت نے صوبے بھر میں شہری خوبصورتی اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے، جسے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان (پی ڈی پی) کہا جاتا ہے، یہ پلان شہروں کو صاف ستھرا، سبز اور جدید بنانے پر مرکوز ہے۔
فی الحال، یہ منصوبہ 7 بڑے شہروں میں جاری ہیں، جن میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات اور جھنگ شامل ہیں، جہاں مجموعی طور پر 234 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہر ترقیاتی منصوبے میں بیوٹیفکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے، مریم نواز نے اہم ہدایات جاری کردیں
دوسرے مرحلے میں 8 مزید شہروں کو شامل کیا جائے گا، جن میں ممکنہ طور پر جہلم، حافظ آباد، اوکاڑہ، چکوال، میاں چنوں سمیت دیگر شہر شامل ہو سکتے ہیں، اس پروگرام کا مقصد صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں طور پر خوبصورت اور فعال بنانا ہے، جس سے شہری زندگی کے معیار میں بہتری آئے گی۔
اب تک، پہلے مرحلے میں شفافیت کے اقدامات کی بدولت 2.8 ارب روپے کی بچت ہو چکی ہے، اور تمام پروجیکٹس کو جیو ٹیگ کرکے نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
I have emphasized that whether it is the Punjab Development Plan, the Lahore Development Plan, or any other project across Punjab, standardization is essential. Development cannot be limited to laying sewer or drainage lines and simply covering them with cement. @MaryamNSharif pic.twitter.com/cgjuRaL2h9
— TaibaB6 (@TaibaB6) January 20, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شہروں کے داخلے اور خارجی راستوں کی وسیع پیمانے پر خوبصورتی اور صفائی پر زور دیا ہے، جس میں اوورہیڈ پلوں کے نیچے صفائی، گرین بیلٹس کی ترقی اور کھیل کے میدانوں کی تعمیر شامل ہے۔
یہ ہدایات پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے جائزے کے ایک خصوصی اجلاس میں جاری کی گئیں، جہاں تمام منصوبوں کو جیو ٹیگ کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے، لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب کے 59 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع
مریم نواز نے صوبے بھر میں معیاری ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی منصوبہ صرف سیوریج یا ڈرین لائنز بچھانے تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ ہر منصوبے میں بیوٹیفیکیشن پلان، گرین بیلٹس اور گرین اسپیسز کو لازمی طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ شہر یکساں اور مکمل طور پر خوبصورت نظر آئیں۔
انہوں نے تحصیل سطح پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پلاسٹک نما یکساں مین ہول کورز کا استعمال، اور فٹ پاتھوں کے کناروں پر پیلے اور سیاہ پتھروں کا استعمال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں، مزید برآں، مختلف علاقوں میں اوپن ایئر جم، واکنگ ٹریکس اور تفریحی مراکز کی ترقی کا حکم دیا گیا ہے۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جی ٹی روڈ پر ڈی ایچ اے سے بحریہ ٹاؤن تک بیوٹیفکیشن کا کام شروع کر دیا ہے، جس میں پانی کے تالاب، گرین بیلٹس اور شجر کاری بھی شامل ہے، گوجرانوالہ میں ایک ویران جگہ کو خواتین کے لیے پہلے پارک میں تبدیل کیا گیا ہے، جس میں بچوں کے جھولے، جوگنگ ٹریک، فاؤنٹین اور ریڈنگ کارنر شامل ہیں۔
چکوال کے چھپڑ بازار کو جدید اور خوبصورت بنانے کا کام اپریل تک مکمل ہو جائے گا، میاں چنوں کے سٹی گیٹ کی بیوٹیفیکیشن مکمل ہو چکی ہے، جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پہلی مرتبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا محور صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف
مریم نواز نے سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات اور جھنگ میں سیوریج، ڈسپوزل اور ڈرینج پروجیکٹس، جبکہ جہلم، حافظ آباد اور اوکاڑہ میں نئے ڈسپوزل اسٹیشنز اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کی ترقی کی ہدایات دی ہیں۔
تمام ڈپٹی کمشنر آفسز میں کنٹرول رومز اور مینجمنٹ سیل قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے، یہ اقدامات پنجاب کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیے جارہے ہیں، جبکہ پہلے مرحلے کی تکمیل رواں برس مئی تک متوقع ہے۔










