لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے معروف تعلیمی ادارے KIPS کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد وزیر خان کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ پولیس نے مغوی کے بھائی طاہر وزیر خان کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
جوہر ٹاؤن پولیس کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کیا گیا، جس کا نمبر اور اندراج ایف آئی آر ریکارڈ کا حصہ ہے۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف اغواء کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
کال کے دوران پیش آنے والا واقعہ
ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق، اغواء کے وقت عابد وزیر خان اپنے دفتر سے اپنی گاڑی پر روانہ ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد تعلیمی ادارے کی جنرل مینجر کو فون کال کی۔ دوران کال جنرل مینیجر کو گاڑی کا شیشہ کھٹکھٹانے کی آواز آئی۔ ساتھ ہی کسی شخص کی آواز آئی کہ تم نے میری گاڑی کے ساتھ ایکسیڈنٹ کیا ہے۔ اس کے فوراً بعد فون کال اچانک منقطع ہو گئی اور پھر عابد وزیر خان سے دوبارہ رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔

ایف آئی آر کے مطابق درخواست دہندہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مغوی کو نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔
نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ
پولیس کے مطابق اغواء کا مقدمہ فی الحال نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جبکہ شواہد کی روشنی میں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔











