سعودی عرب کی امدادی ایجنسی کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے حال ہی میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جاری اپنی مہم کے تحت جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں تعلیمی مراکز پر زیرِ تعلیم طلبہ میں موسمِ سرما کے ملبوسات تقسیم کیے۔
مزید پڑھیں: سعودی قیادت کی ہدایت: غزہ کے عوام کے لیے ہوائی، بحری اور زمینی امدادی کارروائیاں تیز
یہ اقدام ان طلبہ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو مشکل حالات کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں، جہاں بیشتر اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی تباہی کے بعد کلاسز خیموں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب کے ایس ریلیف کے زیرِ انتظام 80واں سعودی امدادی طیارہ وزارتِ دفاع اور قاہرہ میں سعودی سفارت خانے کے تعاون سے مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔
یہ طیارہ غذائی اشیا پر مشتمل فوڈ باسکٹس اور شیلٹر کٹس لے کر آیا ہے جو غزہ کی پٹی میں متاثرہ فلسطینیوں میں تقسیم کی جائیں گی۔
یہ سامان غزہ میں مشکل حالاتِ زندگی کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کا حصہ ہے۔
کے ایس ریلیف نے 2015 میں اپنے قیام کے بعد سے فلسطین میں 147 منصوبے مکمل کیے ہیں جن کی مجموعی مالیت قریباً 533 ملین ڈالر ہے۔
یہ منصوبے غذائی تحفظ، ابتدائی بحالی، پانی، صفائی اور حفظانِ صحت، صحت، کیمپ کوآرڈینیشن، تعلیم، تحفظ، ہنگامی امداد اور غذائیت جیسے شعبوں پر مشتمل ہیں۔














