برابری پارٹی کے سربراہ اور ماضی کے معروف گلوکار جواد احمد نے معروف گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں لالچی قرار دے دیا ہے۔
جواد احمد نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس کی میزبانی نعیم حنیف کر رہے تھے، گفتگو کے دوران کہا کہ انہوں نے کہا کہ سیاست کی خاطر موسیقی کو خیرباد کہہ دیا اور وہ موسیقی کے ذریعے کوئی آمدن حاصل نہیں کرتے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں دولت کا لالچ نہیں تاہم انہیں یہ سمجھ نہیں آتا کہ بعض فنکار پیسے کے پیچھے کیوں بھاگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فنکار شادیوں کے پروگرامز اور کارپوریٹ سیکٹر سے بھاری معاوضہ وصول کرتے ہیں مگر اس کے باوجود وہ عام عوام میں گھلنے ملنے کے بجائے محدود حلقوں تک ہی خود کو رکھے ہوئے ہیں یا پھر صرف ٹیلی وژن اسکرین تک ہی نظر آتے ہیں۔
جواد احمد کے مطابق موسیقی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں فنکاروں کو اپنے مداحوں کے لیے دستیاب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں فنکار دیہات میں بغیر معاوضہ پرفارم کرتے تھے اور ان کی کیسٹوں کی فروخت ریکارڈ توڑ ہوا کرتی تھی جس پر بھارت میں بھی حیرت کا اظہار کیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عاطف اسلم، راحت فتح علی اور عابدہ پروین شادیوں میں پرفارمنس کے کتنے کروڑ لیتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی فنکار مفت پرفارم کرنے پر آمادہ نہیں تو کم از کم انہیں اپنے معاوضے کم کر کے عام مداحوں کے لیے خود کو قابلِ رسائی بنانا چاہیے کیونکہ یہی مداح انہیں شہرت کی بلندیوں تک لے جاتے ہیں۔ جاوید احمد کا کہنا تھا کہ آج کل کئی معروف گلوکار صرف شادیوں اور کارپوریٹ تقریبات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور صرف اشرافیہ کے لیے گاتے ہیں، جو اچھی روایت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سینئر اینکر پرسن نعیم حنیف نے ایک پروگرام کے دوران شادی کی تقریبات میں ان فنکاروں کے معاوضوں سے متعلق انکشاف کیا۔ ان کے مطابق راحت فتح علی خان پاکستان میں شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباً1 کروڑ 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ اگر پرفارمنس کسی دوسرے شہر میں ہو تو فیس میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ بیرونِ ملک پرفارم کرنے کی صورت میں یہ رقم دگنی ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لگ رہا ہے یہ کوئی ’شہد کی بوتل‘ ہے: مشی خان کا راحت فتح علی خان کو علاج کا مشورہ؟
نعیم حنیف کے مطابق عاطف اسلم ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کیا کرتے تھے تاہم تقریباً 7 برس قبل ملک ریاض نے انہیں اپنے پوتے کی شادی میں پرفارم کرنے کی پیشکش کی۔ عاطف اسلم نے ابتدا میں انکار کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا مگر یہ رقم ادا کر دی گئی۔ اس کے بعد عاطف اسلم نے شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے فی ایونٹ تقریباً ڈھائی سے 3 کروڑ روپے وصول کرنا شروع کر دیے۔













