اتراکھنڈ کے شہر رشی کیش میں 32 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر اس کے ساتھی نے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔
دہرادون کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے سنگھ نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 32 سالہ پریتی راوت کے نام سے ہوئی ہے، جو ایمس اسپتال میں اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: ڈھاکا: موبائل فون کی اونچی آواز پر جھگڑا، ماں بیٹی قتل، ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق پریتی طلاق کے بعد رشی کیش کے شیواجی نگر علاقے میں کرائے کے مکان میں اکیلی رہ رہی تھیں۔ چند سال قبل ان کی ملاقات سریش گپتا سے رشی کیش میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلق قائم ہو گیا۔
تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ سریش گپتا نے پریتی سے شادی کے لیے 4 ماہ قبل اپنی اہلیہ سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ تاہم پریتی کے اہلِ خانہ نے شادی سے پہلے رشی کیش میں گھر خریدنے کی شرط رکھی۔
اس شرط کو پورا کرنے کے لیے سریش گپتا نے ہریدوار کے علاقے لکسر میں اپنی تمام آبائی جائیداد 35 لاکھ روپے میں فروخت کر دی، مگر رشی کیش میں مناسب گھر نہ ملنے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے رہنے لگے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی: بہارہ کہو میں خاتون قتل کیس کا ملزم گرفتار
ایس ایس پی اجے سنگھ کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ سریش گپتا شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا، کیونکہ وہ نہ تو اپنی اہلیہ سے طلاق حاصل کر سکا اور نہ ہی جائیداد فروخت کرنے کے باوجود رشی کیش میں گھر خرید پایا، جس کے نتیجے میں اس نے پریتی کو قتل کر دیا۔
پریتی کے اہلِ خانہ کی شکایت پر رشی کیش پولیس اسٹیشن میں سریش گپتا کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔














