کراچی کی مقامی عدالت میں مصالحت کے لیے ہونے والی ملاقات میں شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں ایک دوسرے سے ناراض میاں بیوی کے درمیان مصالحت کے لیے ہونے والی ملاقات میں شوہر نے بیوی کو گولی مار دی جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شوہر سکندر نے اپنی ناراض بیوی سے علیحدگی میں ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اسلحہ میری بیوی لے کر آئی تھی، ملزم سکندر
واقعے کے بعد ملزم شوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں اسلام آباد سیشن کورٹ میں ملازم ہوں۔ ہم دونوں اسلام آباد ہی میں رہائش پذیر تھے۔ ہماری شادی ’وٹے سٹے‘ میں ہوئی تھی۔ ‘
ملزم سکندر نے کہا کہ ’میری بیوی کا باپ سب انسپیکٹر ہے، وہ بھی عدالت میں آیا ہوا ہے۔ پستول وہ لائے تھے، میں نہیں لایا تھا۔ میری بیوی کو مجھے مارنے کے لیے اسلحہ دیا ہوا تھا، وہ مجھے مارنے والی تھی کہ میں نے چھین کے اس کو مار دیا۔‘
ملزم سکندر نے خاتون کے والد سے اسلحہ چھین کر خاتون کو گولی ماری، ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی کے مطابق ’فائرنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے ہوئی ہے۔‘
’ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم اور خاتون کا آپس میں فیملی کیس ایسٹ کورٹ میں لگا ہوا تھا۔ خاتون اپنے والد جو کہ پولیس میں تعینات ہے، کے ساتھ آئی تھی۔ شوہر اور بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم سکندر نے خاتون کے والد سے اسلحہ چھین کر خاتون کو گولی ماردی۔