امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہی دن میں 2 مرتبہ یہ دعویٰ دہرایا کہ انہوں نے گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوا دی تھی۔
نیشنل پریئر بریک فاسٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایک سال کے دوران دنیا بھر میں 8 بڑی اور شدید جنگوں کا خاتمہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نوبیل انعام کے لیے پھر مچل گئے، پاک بھارت جنگ بندی کا تذکرہ دوبارہ چھیڑ دیا
ان کے مطابق ان جنگوں میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ، کوسوو اور سربیا، پاکستان اور بھارت، اسرائیل اور ایران، اور آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازعات شامل تھے۔
بعد ازاں، اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کو پھوٹنے سے روکا۔
Trump claims twice in a day that he stopped war between India, Pakistan, again.
Clearly, not a part of the agreement this week.🙄 https://t.co/kgkQH222Lb
— Suhasini Haidar (@suhasinih) February 6, 2026
انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے اور ان کی پہلی صدارت کے دوران امریکی فوج کو مکمل طور پر ازسرِنو تعمیر کیا گیا، جس میں نئے اور جدید جوہری ہتھیار بھی شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسپیس فورس کا قیام عمل میں لایا اور اب بھی امریکی فوج کو ایسی سطح تک مضبوط کیا جا رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ روکنے کا 57ویں مرتبہ تذکرہ، ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ کسی بھی تعاون کا امکان مسترد کردیا
ان کے بقول، امریکا دوسری جنگِ عظیم کے دور کے جنگی بحری جہازوں، جیسے آئیووا اور میزوری، سے کہیں زیادہ طاقتور نئے جنگی جہاز بھی شامل کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے دنیا کے مختلف حصوں میں ایٹمی جنگوں کو روکنے میں کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت، ایران اور اسرائیل، اور روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ تصادم شامل ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر اب تک 90 سے زائد مرتبہ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع رکوا دیا، وہ یہ مؤقف مسلسل مختلف عالمی اور امریکی فورمز پر دہراتے آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر چھیڑ دیا
خاص طور پر 10 مئی کے بعد، جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن کی ثالثی میں ہونے والی طویل بات چیت کے بعد دونوں ممالک نے فوری اور مکمل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
تاہم، بھارت کی جانب سے مسلسل اس بات کی تردید کی جاتی رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی قسم کی جنگ بندی یا مذاکرات میں کسی تیسرے فریق نے کردار ادا کیا ہو۔













