پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اعلان سے قبل رپورٹس آ رہی ہیں کہ حکومت اس مرتبہ آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا، پیٹرول کی قیمت برقرار، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز ہے جس کی منظوری کی صورت میں نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے سے بڑھ کر 257 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 268 روپے 38 پیسے سے بڑھ کر 273 روپے 78 پیسے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ابھی محض ذرائع پر مبنی رپورٹس ہی ہیں اور ان میں تبیدیلی کا امکان اپنی جگہ باقی ہے۔ حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اور وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی۔
مزید پڑھیے: کیا پیٹرول کی قیمت 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے والی ہے؟
یاد رہے کہ حکومت نے 31 جنوری کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔
پیٹرول زیادہ تر چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے اس لیے اس کی قیمت میں اضافے سے متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں: ریفائنریز میں تیار کیے جانے والے پیٹرول میں ایتھنول کی آمیزش سے متعلق تجویز
دوسری جانب ٹرانسپورٹ کے شعبے کا بڑا حصہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر انحصار کرتا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتا ہے کیونکہ یہ بھاری مال بردار گاڑیوں، ٹرکوں، بسوں، ٹرینوں اور زرعی مشینری جیسے ٹریکٹروں، ٹیوب ویلز اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے۔














