نائجیریا کی ریاست نائجر میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ہفتہ کی علی الصبح 3 دیہات پر حملے کرکے کم از کم 32 افراد کو قتل کردیا اور درجنوں مکانات و دکانوں کو آگ لگا دی۔ مقامی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے بعد کئی افراد کو اغوا بھی کیا گیا ہے۔
یہ حملے ٹُنگا ماکری، کونکوسو اور پِسّا نامی دیہات پر کیے گئے، جو بورگو لوکل گورنمنٹ ایریا میں جمہوریہ بینن کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا کا نائیجیریا میں داعش کے خلاف فضائی حملہ، متعدد شدت پسند ہلاک
ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیوڈن نے بتایا کہ ٹُنگا ماکری پر حملے میں 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ‘نامعلوم تعداد میں افراد کو اغوا کیا گیا’۔ انہوں نے کونکوسو پر حملے کی بھی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ان کے مطابق مشترکہ سیکیورٹی ٹیموں کو علاقے میں روانہ کردیا گیا ہے اور متاثرین کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
نائجیریا میں بڑھتی ہوئی بدامنی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور حکام پر امن و امان بحال کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ شمالی نائجیریا اس وقت پیچیدہ سیکیورٹی بحران کا شکار ہے جہاں ایک جانب شدت پسند تنظیمیں سرگرم ہیں تو دوسری جانب مسلح گروہ تاوان کے لیے اغوا اور خونریز حملے کررہے ہیں۔
یہ تازہ حملے اسی ماہ ہمسایہ ریاست کوارا میں ہونے والے ایک مہلک حملے کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں 162 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
ٹُنگا ماکری کے رہائشی اووال ابراہیم نے بتایا کہ ان کے گاؤں پر مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 3 بجے حملہ ہوا۔ ‘مسلح افراد بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں پر آئے، فائرنگ کی، 6 افراد کے سر قلم کیے اور دیگر کو قتل کردیا۔ دکانوں کو آگ لگا دی گئی اور پورے گاؤں کو نقل مکانی پر مجبور کردیا گیا۔’
یہ بھی پڑھیے: نائیجیریا: مسلح افراد نے 24 طالبات سمیت 30 افراد کو اغوا کر لیا
انہوں نے مزید کہا کہ گاؤں کے بہت سے مکین واپسی سے خوفزدہ ہیں کیونکہ مسلح افراد اب بھی قریبی علاقوں میں موجود ہیں۔
حالیہ مہینوں میں نائجیریا اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی تعاون میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ واشنگٹن نے نائجیریا میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی شراکت داری کو وسعت دی گئی۔ رپورٹس کے مطابق دسمبر میں مسلح گروہوں کے خلاف امریکی کارروائیاں بھی کی گئیں اور امریکی فوجی اہلکاروں کی ایک ٹیم مغربی افریقی ملک میں موجود ہے۔













