سعودی سنیما ایسوسی ایشن اور کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر کے اشتراک سے منعقد ہونے والا سعودی فلم فیسٹیول 23 سے 29 اپریل تک ظھران میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب کو سعوی فلم کمیشن کی معاونت حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں یورپی سینما کا میلہ، ثقافتی تبادلے کا نیا باب
فیسٹیول میں عرب اور بین الاقوامی فیچر اور مختصر فلمیں پیش کی جائیں گی۔ پروگرام میں روڈ موویز، سفری کہانیاں اور وہ فلمیں شامل ہیں جن میں جسمانی یا جذباتی سفر کہانی کا بنیادی عنصر ہوتا ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ تھیم سعودی فلم سازوں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ سفر کے تصور کو اپنی انفرادی بصیرت سے پیش کریں، جبکہ سینما کو خود ایک مسلسل تبدیلی اور ارتقا کے عمل کے طور پر اجاگر کیا جائے گا، جہاں شناخت، مقام اور وقت انسانی تجربے کو تشکیل دیتے ہیں۔
گزشتہ برس جاپانی سینما پر خصوصی توجہ کے بعد، اس سال فیسٹیول میں ’اسپاٹ لائٹ آن کوریئن سنیما‘ بھی پیش کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے بانی اور ڈائریکٹر احمد الملا نے کہا کہ یہ سالانہ اجتماع فلم سازوں کے لیے تخلیقی اظہار، خیالات کے تبادلے اور باہمی سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم ساز اس تقریب کا محور ہیں اور دروازے تمام تخلیق کاروں کے لیے کھلے ہیں۔
مزید پڑھیں: کانز فلم فیسٹیول میں پہلی سعودی فلم ’نورہ‘ کی نمائش کا اعلان
2008 میں آغاز کے بعد سے سعودی فلم فیسٹیول مقامی اور خلیجی سنیما کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ابتدا میں وقفے وقفے سے منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول اب ایک سالانہ پلیٹ فارم بن چکا ہے، جس میں بیانیہ اور دستاویزی مقابلے، انڈسٹری پروگرامز اور پروجیکٹ مارکیٹس شامل ہیں۔














