مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹس میں ہلچل مچ گئی ہے، اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بھارتی روپے کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو بھارتی روپیہ 67 پیسے گر کر 92.16 پر بند ہوا۔
مزید پڑھیں: امریکا و اسرائیل کے ایران پر حملے جاری، شہادتیں 787 ہوگئیں، طویل جنگ کے لیے تیار ہیں، تہران کا اعلان
انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں روپیہ 92.05 پر کھلا اور دن کے دوران کم ترین سطح 92.35 تک پہنچ گیا۔ سیشن کے اختتام پر روپیہ 92.16 پر بند ہوا، جو پچھلے کلوزنگ لیول کے مقابلے میں 67 پیسے کی زبردست کمی ظاہر کرتا ہے۔
پیر کو روپیہ پہلے ہی 41 پیسے کی کمی کے ساتھ 91.49 پر بند ہو چکا تھا۔ فارن ایکسچینج مارکیٹ منگل کو ہولی کی وجہ سے بند رہی۔
فاریکس تاجروں کے مطابق امریکی ڈالر انڈیکس 98 کی حد عبور کر گیا، جو امریکی ایران بحران کے باعث پیدا ہونے والے عالمی رسک آف ماحول کی عکاسی کرتا ہے اور روپے پر مزید دباؤ ڈال رہا ہے۔
ماہرین کےمطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے میں تیزی اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سرمایہ کار گومگو کی کیفیت کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: دفاعی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں، دشمن کو اندازہ ہو جائےگا، ایران
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرنسی پر دباؤ اس وقت تک برقرار رہ سکتا ہے جب تک مڈل ایسٹ کی صورتحال واضح نہ ہو اور عالمی تیل مارکیٹ میں استحکام واپس نہ آئے۔












