وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 24 ارکان پارلیمنٹ کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 24 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے دائر پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالت کے حکم کے مطابق اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔

پاسپورٹ بلاک کرنے کے حکم کی زد میں آنے والے دیگر افراد میں ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب شامل ہیں۔

ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ، عدالت

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ملزمان ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔

عدالت کے مطابق ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشتگردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات عائد ہیں جبکہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کی، وہ بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی کہ اگلے احکامات تک مذکورہ ملزمان کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp