پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر تک کے حالیہ اضافے اور سیاسی انتقامی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے معاشی خودکش حملوں کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں 130 روپے کا بڑا اضافہ
مرکزی ترجمان نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ایک اور پیٹرول بم کے مترادف ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو 105 روپے کی ریکارڈ سطح سے بھی اوپر بڑھا کر غریب عوام کا خون نچوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالر کے قریب ہیں، تب بھی عوام کو 320 روپے سے زیادہ میں پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عمران خان کے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت عالمی قیمتیں 120 ڈالر تک پہنچ گئیں، لیکن لیوی اور ٹیکسز میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا اور قیمتیں قابو میں رکھی گئیں۔
ترجمان نے مزید کہاکہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، جبکہ حکمران طبقے کی عیاشیاں جاری ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 11 ارب روپے مالیت کے لگژری جیٹ طیارے کی خریداری اور وی آئی پی پروٹوکولز پر اربوں روپے کے اخراجات اس حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں۔ عوام سے قربانی مانگنے والے حکمران خود عوامی ٹیکسوں پر شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے سوال اٹھایا کہ حکومت روس سے سستا تیل خرید کر عوام کو ریلیف کیوں نہیں دے رہی؟ بھارت اپنی ضرورت کا 80 فیصد، چین 40 فیصد اور جاپان 90 فیصد تیل آبنائے ہرمز کے راستے منگواتے ہیں، مگر وہاں قیمتیں قابو میں ہیں۔ پاکستان میں خود حکومت اعتراف کر رہی ہے کہ ایک ماہ کا اسٹاک پرانی قیمتوں پر خریدا گیا تھا، تو پھر نئی قیمتوں کا بوجھ فوری طور پر عوام پر منتقل کرنے کی کیا ضرورت تھی؟
ترجمان نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ تاجر برادری، صنعتکار اور عام شہری سب اس صورتحال پر شدید تشویش کا شکار ہیں، جبکہ حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے حالیہ عدالتی فیصلوں اور پارٹی قیادت کو سنائی جانے والی سزاؤں پر تحفظات کا بھی اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بنا کر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ترجمان نے کہاکہ بانی چیئرمین عمران خان کو جیل میں بنیادی حقوق سے محروم رکھنا اور وکلا و اہل خانہ سے ملاقاتوں پر پابندی آئینِ پاکستان کے خلاف ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ پیٹرولیم لیوی میں ظالمانہ اضافہ ختم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ اور شاہانہ اخراجات، لگژری طیاروں اور پروٹوکولز پر فوری پابندی لگائی جائے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کن شعبوں کو سب سے زیادہ متاثر کرے گا؟
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیاکہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کی جائے۔
پارٹی نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل صرف عوامی مینڈیٹ کے احترام اور شفاف جمہوری عمل میں پوشیدہ ہے۔














