چین اور امریکا کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے گزشتہ ماہ چینی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے لیے چین کا خفیہ دورہ کیا۔
عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کے مطابق ولیم برنز کے مئی میں دورہ چین کی خبر سب سے پہلے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دی، اخبار نے لکھا ہے کہ سی آئی اے چیف کا دورہ، دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور باہمی رابطے بڑھانے کے لیے کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سی آئی اے ڈائریکٹر نے چین کے انٹیلیجنس حکام سے ملاقات کی تھی۔ اس دورے میں سی آئی اے سربراہ نے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان انٹیلیجنس رابطے کھلے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو از سرنو ترتیب دینا چاہتی ہے، اس دوران سی آئی اے چیف ولیم برنز کا چین کا دورہ کرنا انتہائی اہم ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں تائیوان کے معاملے پر تناؤ ہے جبکہ فروری میں امریکی فضائیہ نے جاسوسی کے الزام میں چین کا ایک غبارہ بھی گرا دیا تھا، چین کا موقف تھا کہ غبارہ موسمی صورتحال کے جائزے کے لیے بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ولیم برنز ایک تجربہ کار سفارت کار رہ چکے ہیں، انہوں نے ایجنسی کے سربراہ کی حیثیت سے درجنوں حساس بیرون ملک دورے کیے ہیں، جن میں روسی ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ افغانستان میں طالبان کے ساتھ بات چیت بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ بیجنگ نے حال ہی میں امریکی سیکریٹری دفاع سے ملاقات کے لیے انکار کیا تھا لیکن آج سنگاپور میں جاری شنگری-لا کانفرنس میں چین کے وزیر دفاع اور امریکی ہم منصب کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی ہے۔